نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ، 18 افراد کی موت

,

   

l مہا کمبھ جانے کیلئے زبردست ہجوم سے حادثہ‘مہلوکین کے ورثا کو فی کس 10لاکھ معاوضہ کا اعلان
lحادثہ کی تحقیقات کا حکم‘ مختلف قائدین کا اظہار رنج‘ ناقص انتظامات کیلئے حکومت پر تنقید

نئی دہلی: نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہفتہ کی رات بھگدڑ سے 18 افراد ہلاک ہوگئے۔ بڑی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو علاج کیلئے ایل این جے پی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔مرنے والوں میں 9 خواتین، 5 بچے اور 4 مرد شامل ہیں۔دہلی کے ایل جی وی کے سکسینہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں اموات کی تصدیق کی۔ یہ واقعہ رات 10 بجے کے قریب پلیٹ فارم 13 اور 14 پر پیش آیا جہاں ہزاروں عقیدت مند پریاگ راج مہاکمبھ جانے کیلئے اپنی ٹرینوں میں سوار ہونے کیلئے جمع تھے۔میڈیاکے مطابق دہلی فائر سروس کو ہنگامی کال موصول ہوئی اور فوری طور پر 4 فائر انجنوں کو نئی دہلی ریلوے اسٹیشن روانہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایمبولینس کو موقع پر بھیجا گیا۔ ریلوے پولیس اور دہلی پولیس نے زخمیوں کو ایل این جے پی اور لیڈی ہارڈنگ ہاسپٹل میں داخل کرایا۔ ریلوے حکام نے ان دعوؤں کی تردید کی کہ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ زیادہ بھیڑ اور افراتفری کی وجہ سے ہوئی اور کہا کہ یہ واقعہ پلیٹ فارم پر مہا کمبھ کے ہزاروں عقیدت مندوں کے جمع ہونے کے باعث پیش آیا۔ایل این جے پی ہاسپٹل ذرائع کے مطابق 6 نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے آر ایم ایل ہاسپٹل لے جایا گیا ہے۔ 9 نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے مولانا آزاد میڈیکل کالج بھیج دیا گیا ہے۔ تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔ اسی دوران دو زخمی لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج میں علاج کے دوران دم توڑ گئے۔حکام نے اس بات کی تردید کی کہ آخری لمحات میں پلیٹ فارم کی تبدیلی افراتفری کا باعث بنی۔ حکام نے بتایا کہ مسافروں نے پریاگ راج اسپیشل ٹرین کے اعلان کو غلط سمجھا، غلطی سے یہ سوچا کہ ان کی باقاعدہ ٹرین کو منتقل کر دیا گیا ہے۔ لیکن بہت سے آن لائن صارفین نے غیر محفوظ ٹکٹنگ کا انتظام کرنے اور ناکافی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی میں ناکامی کا ریلوے پر الزام عائدکیا۔ پلیٹ فارم 16 پر پہنچنے والے مسافرپریاگ راج اسپیشل کے اعلان سے الجھن کا شکار ہوگئے کیونکہ پریاگ راج ایکسپریس پہلے ہی پلیٹ فارم 14 پر موجود تھی۔ریلوے نے نئی دہلی ریلوے سٹیشن کی بھگدڑ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ شدید زخمیوں کو ڈھائی لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو ایک لاکھ روپے معاوضہ، دیا جائے گا۔وزارت ریلوے نے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کے لیے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔صدر دروپدی مرمو ، وزیراعظم مودی ، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے ، راہول گاندھی اور دیگر قائدین نے اتوار کو نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ کے واقعہ پر گہرے رنج کا اظہار کیا ۔ صدر کانگریس کھرگے نے حکومت سے کہا کہ وہ فوری طور پر مرنے والوں اور زخمیوں کی صحیح تعداد ظاہر کرے۔دہلی کی کارگزار چیف منسٹر آتشی نے ایل این جے پی ہاسپٹل میں زخمیوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے۔ انہوں نے ہاسپٹل انتظامیہ سے کہاکہ اگر کسی متاثرہ خاندان کو کسی قسم کی مدد کی ضرورت ہو تو وہ ارکان اسمبلی کو بتائیں۔
مرکزی وزیر صحت جگت پرکاش نڈا نے ڈاکٹروں اور عہدیداروں سے بات کی ہے اور مناسب ہدایات دی ہیں۔