نئی دہلی کی 3 اہم یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کا تعلق تلنگانہ سے

   

حیدرآباد۔ نئی دہلی میں واقع3 اہم اور نامور یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کا تعلق تلنگانہ سے ہے جو کہ تلنگانہ عوام کیلئے قابل فخر ہے۔ نائب صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہاکہ 3 یونیورسٹیز وائس چانسلر کے عہدوں پر تلنگانہ سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں کا انتخاب لائق تحسین ہے اور تلنگانہ عوام کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل لاء یونیورسٹی وائس چانسلر کی حیثیت سے متحدہ ورنگل ضلع سے تعلق رکھنے والے سری کرشنا دیوا راؤ کو دو دن قبل مقرر کیا گیا۔ جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حیثیت سے متحدہ محبوب نگر ضلع کے گوپال راؤ اور دہلی آئی آئی ٹی کے وائس چانسلر کے عہدہ پر متحدہ نلگنڈہ ضلع سے تعلق رکھنے والے جگدیش کمار کا تقرر کیا گیا ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ مستقبل میں قومی سطح کے اہم عہدوں پر تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے تقرر کے سلسلہ میں امکانات روشن ہیں۔