سوئٹزرلینڈ کی دوا ساز کمپنی روشے کا اعلان ، مرض کے بآسانی تشخیص کا دعویٰ
لندن: سوئٹزرلینڈ کی دواساز کمپنی روشے نے آبلہ بندر(منکی پاکس) کے تین پی سی آر ٹسٹ تیار کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ان ٹیسٹوں کے ذریعے آبلہ بندر کے وائرس کا پتہ لگایا جاسکتا ہے۔ باسل میں قائم فرم نے کہا کہ روشے اور اس کی ذیلی کمپنی ٹِب مولبیول نے تین ٹیسٹ کٹس تیارکی ہیں جو دنیا بھرکے بیشتر ممالک میں محققین کے استعمال کے لیے ہیں۔ پہلی کٹ وسیع ترآرتھوپوکس وائرس گروپ میں وائرس کا پتہ لگاتی ہے۔ دوسری صرف آبلہ بندر وائرس کا پتہ لگاتی ہے اورتیسری کٹ بیک وقت دونوں کی تشخیص کا پتہ دیتی ہے۔ تشخیص کے سربراہ تھامس شینیکر نے کہا کہ روشے نے ٹسٹوں کا جلدی میں ایک نیا مجموعہ تیارکیا ہے،جوآبلہ بندر وائرس کا پتہ لگاتا ہے اوراس سے وبائی امراض کے پھیلاؤ کے بعد ان کی تشخیص میں مدد کرتا ہے۔ یہ نئے تشخیصی آلات صحت عامہ کے اُبھرتے ہوئے چیلنجوں کا جواب دینے اوربالآخران پرقابو پانے کے لئے انتہائی اہم ہیں کیونکہ وہ کوششوں اورعلاج کی حکمت عملیوں کا سراغ لگانے جیسے جوابی اقدامات میں پیش رفت کے عکاس ہیں۔ روشے نے کہا کہ ریسرچ ٹیسٹ کٹس وائرس کے پھیلاؤ کا جائزہ لے سکتی ہیں اورعلاج، ویکسین اورصحت عامہ کے اقدامات کے ممکنہ اثرات کی نگرانی میں مدد دے سکتی ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق 22 مئی تک مغربی اور وسطی افریقہ کے ممالک سے باہر16 دوسرے ممالک سے اس کو آبلہ بندر کے 250 سے زیادہ مصدقہ اور مشتبہ کیسوں کی باضابطہ اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ پولیمرز چین ری ایکشن (پی سی آر) ٹسٹ اپنی درستی اور حساسیت کے پیش نظرترجیحی لیبارٹری ٹسٹ ہے۔ اس کے لیے بہترین نمونے جلد کے زخموں اور خشک دھبّوں سے لئے جاسکتے ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ پی سی آر کے خون کے ٹسٹ عام طور پر بے نتیجہ ہوتے ہیں اور مریضوں سے معمول کے مطابق جمع نہیں کیے جانے چاہئیں۔ اس کے علاوہ اینٹی جن اور اینٹی باڈی ڈیٹیکشن کے طریقے آرتھوپوکس وائرس کے درمیان فرق نہیں کرتے ہیں۔ دریں اثنا ڈبلیوایچ او کے ہنگامی امور کے ڈائریکٹرمائیکل ریان نے بتایا ہے کہ ممالک ایسی معلومات کا اشتراک کررہے ہیں جو ایجنسی کوآبلہ بندرکے پھیلاؤ کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دے رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جانوروں کے انسانوں سے رابطے پر اس کو ابتدا میں مناسب طریقے سے کنٹرول نہیں کیا گیا ہے اور اب ہم ایک غیرمنظم اور مقامی بیماری کی قیمت آبلہ بندرکی شکل میں ادا کررہے ہیں۔