نئی ہیلت اسکیم کے اعلان پر تلنگانہ این جی اوز کے نمائندوں کی وزیر فینانس ہریش راؤ سے ملاقات، اظہار تشکر

   

حیدرآباد۔/7 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ این جی اوز قائدین نے وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ اور اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ سے ملاقات کی اور بجٹ میں سرکاری ملازمین کیلئے ایک فیصد حصہ داری کے ساتھ کیاش لیس ہیلت اسکیم کے اعلان پر اظہار تشکرکیا۔ تلنگانہ این جی اوز کے صدر ایم راجندر اور جنرل سکریٹری آر پرتاپ کی قیادت میں این جی اوز قائدین کے وینکٹ، حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے صدر محمد مجیب، سکریٹریز وکرم، لکشمن، پرمیشور، وکرم ریڈی اور دوسرے وفد میں شامل تھے۔ تلنگانہ این جی اوز نے حکومت سے سرکاری ملازمین کیلئے نئی ہیلت اسکیم کا مطالبہ کیا تھا۔ ایک فیصد حصہ داری کے ساتھ کیاش لیس ہیلت اسکیم سے 6.50 لاکھ ملازمین، ٹیچرس ، پنشنرس اور ان کے افراد خاندان کو فائدہ ہوگا۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے بجٹ تقریر میں اسکیم کا اعلان کیا۔ ملازمین کے نمائندوں نے کہا کہ کئی برسوں سے ملازمین اپنے مسائل کی یکسوئی کیلئے فکر مند ہیں۔ کے سی آر کے چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد مسائل کی یکسوئی کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے ساتھ کے سی آر کی ہمدردی کا نئی ہیلت اسکیم واضح ثبوت ہے۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ اسکیم پر عمل آوری کیلئے گائیڈ لائنس جلد جاری کی جائیں گی۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں سرکاری ملازمین کیلئے اس طرح کی منفرد اسکیم موجود نہیں ہے۔ ملازمین کے نمائندوں نے وزیر فینانس کو دیگر حل طلب مسائل سے واقف کرایا اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ تلنگانہ حکومت ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق پے ریویژن کمیشن تشکیل دے گی ۔ر