نئے راشن کارڈس کی درخواستوں کی جانچ کیلئے عہدیداروں کی ٹیمیں تشکیل

   

می سیوا مراکز سے 2.5 لاکھ درخواستیں وصول، گریٹر حیدرآباد میں 1.35 لاکھ نئی درخواستیں
حیدرآباد 9 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے لئے می سیوا مراکز پر داخل کی گئی درخواستوں کی جانچ کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں کی ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں جو گھر گھر پہونچ کر درخواستوں کی جانچ کریں گی۔ گزشتہ 10 برسوں میں ریاست میں راشن کارڈ کی تعداد 89.90 لاکھ ہے جن کے ذریعہ 2.81 کروڑ استفادہ کنندگان کو راشن شاپس کے ذریعہ چاول سربراہ کئے جارہے تھے۔ حکومت نے پرجا پالنا، پرجا وانی اور گرام سبھا کے ذریعہ نئے راشن کارڈس کیلئے درخواستیں وصول کی ہیں۔ حال ہی میں می سیوا مراکز پر درخواستوں کے ادخال کی سہولت فراہم کی گئی۔ حکومت نے راشن کارڈ پر باریک چاول و دیگر اشیائے ضروریہ کی تقسیم کا وعدہ کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ سیول سپلائز عہدیدار گھر گھر پہونچ کر درخواستوں کی جانچ کریں گے اور درخواست میں درج تفصیلات کی معلومات حاصل کریں گے۔ مکان میں کار، بائیک کی موجودگی کے بارے میں معلومات کے علاوہ برقی بل کی کاپی حاصل کی جائے گی۔ درخواست گذاروں کی عدم موجودگی کی صورت میں فون پر معلومات حاصل کی جائیں گی۔ می سیوا مراکز کے ذریعہ ریاست میں 2.50 لاکھ خاندانوں نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 1.35 لاکھ درخواستیں داخل کی گئیں۔ سیول سپلائز میں مختلف رتبہ کے عہدیداروں کو درخواستوں کی جانچ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پرانے کارڈ سے ناموں کو حذف کرنے اور نئے ناموں کی شمولیت کے لئے 20 لاکھ سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں۔ پہلے مرحلہ میں نئی درخواستوں کی جانچ کا کام مکمل کیا جائے گا تاکہ حکومت کے منصوبہ کے مطابق اُگادی تہوار سے نئے راشن کارڈس کی اجرائی کا آغاز ہوسکے۔ 1