ایل اینڈ ٹی کا حکومت کو مکتوب، فنڈس کی فراہمی کی درخواست
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت میٹرو ریل خدمات کو رائے درگ تا راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد تک توسیع دینے کا منصوبہ رکھتی ہے ، ایسے میں ایل این ٹی میٹرو ریل حیدرآباد لمٹیڈ نے حالیہ عرصہ میں بھاری نقصانات سے حکومت کو واقف کراتے ہوئے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ ایل این ٹی نے میٹرو ریل کے آئندہ پراجکٹس میں حکومت کی جانب سے فنڈس کی فراہمی پر زور دیا۔ کمپنی کی جانب سے حکومت کو فنڈس کی قلت کے بارے میں مکتوب روانہ کیا گیا لیکن ریاستی حکومت نے فنڈس کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران میٹرو خدمات 169 دنوں تک بند رہیں جس کے نت یجہ میں بھاری نقصان ہوا ہے۔ کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ ریاستی حکومت اور معاشی اداروں سے ہم نے فنڈس کی درخواست کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 28 مئی 2020 ء کو کمپنی کی جانب سے چیف سکریٹری سومیش کمار کو مکتوب روانہ کیا گیا ۔ کمپنی نے 2020-21 کے دوران 1900 کروڑ کے نقصانات کا تخمینہ کیا ہے۔ ایل این ٹی کا کہنا ہے کہ اس قدر بھاری خسارہ کی صورت میں نئے پراجکٹس کا آغاز ممکن نہیں ۔ حکومت کی امداد کے بغیر کمپنی کے لئے اپنی خدمات کو موجودہ صورت حال میں جاری رکھنا مشکل ہے۔ ایل این ٹی کی رپورٹ برائے سال 2019-20 میں 382 کروڑس کا خسارہ بتایا گیا ہے ۔ کمپنی نے حکومت سے خواہش کی ہے کہ وہ پراجکٹس کا کنٹرول حاصل کرلیں۔ واضح رہے کہ رائے درگ کا شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے علاوہ پرانے شہر میں میٹرو ٹرین کی خدمات میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ۔ لیکن کمپنی کے خسارہ کو دیکھتے ہوئے دونوں پراجکٹس کی تکمیل آسان دکھائی نہیں دیتی۔