راج بھون میں گورنر نے حلف دلایا، چیف منسٹر وزراء کے علاوہ دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 19 جولائی (سیاست نیوز) گورنر جیشنو دیو ورما نے جسٹس اپریش کمار سنگھ کو راج بھون میں ایک تقریب میں تلنگانہ ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف دلایا۔ تقریب میں چیف منسٹر ریونت ریڈی، صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل جی سکھندر ریڈی، اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک و وزرا، ایم ایل سی عامر علی خان ‘ارکان اسمبلی، ارکان کونسل و عہدیداروں نے شرکت کی۔ حلف برداری کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نئے چیف جسٹس کو گلدستہ پیش کرکے مبارکباد پیش کی۔ جسٹس اے کے سنگھ تلنگانہ کے ساتویں چیف جسٹس ہیں۔ تریپورہ چیف جسٹس کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے اپریش کمار سنگھ تبادلے کے بعد تلنگانہ پہنچے ۔ تلنگانہ کے عارضی چیف جسٹس ‘جسٹس سوجئے پال کا کولکتہ ہائیکورٹ تبادلہ کیا گیا ۔ جسٹس سنگھ 7 جولائی 1965 کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے دہلی یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔ 1990 تا 2000 یو پی میں وکیل رہے ۔ 2001 میں جھارکھنڈ ہائیکورٹ وکیل کی حیثیت سے پراکٹس کی۔ 24 جنوری 2012ء کو جھارکھنڈ ہائیکورٹ کے اڈیشنل جج نامزد ہوئے۔ اپریل 2021ء میں جھارکھنڈ اسٹیٹ لا سرویس اتھاریٹی کے ایگزیکیٹیو چیرمین مقرر ہوئے ۔ 2022ء سے 2023ء تک جھارکھنڈ ہائیکورٹ کے عارضی چیف جسٹس رہے ۔ 17 اپریل 2023ء کو انہیں تریپورہ ہائیکورٹ کا چیف جسٹس بنایا گیا۔ کالجیم کی سفارش پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے انہیں تلنگانہ کا چیف جسٹس مقرر کیا ہے۔ 2