کلکٹریٹ کے روبرو دھرنا،مکانات کی دوبارہ تعمیر اور مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ
نارائن پیٹ ۔ 22ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ ضلع میں دامرگڈہ منڈل کے لوکورتی گاؤں میں دلت خاندانوں کے مکانات مبینہ طور پر جے سی بی کے ذریعہ منہدم کیے جانے کے واقعہ نے نارائن پیٹ میں شدید احتجاج کی صورتحال پیدا کردی۔ غریب دلت خاندانوں کے مکانات کی مسماری کے خلاف تلنگانہ ایگریکلچرل ورکرس یونین اور مختلف دلت تنظیموں کے قائدین نے متاثرین کے ساتھ نارائن پیٹ ضلع مرکز میں زبردست احتجاج کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔میونسپل پارک کے قریب منعقدہ دھرنے میں قائدین نے مکانات کی مبینہ مسماری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کئی برسوں سے رہائش پذیر دلت خاندانوں کو مبینہ طور پر بے گھر کرنا انتہائی تشویشناک ہے۔ احتجاجی قائدین نے مطالبہ کیا کہ واقعہ کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف ایس سی، ایس ٹی (انسداد مظالم) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔تلنگانہ ایگریکلچرل ورکرس یونین کے ضلع سکریٹری گوپال نے الزام عائد کیا کہ لوکورتی میں دلت خاندان کئی سال سے اپنے مکانات میں رہائش پذیر ہیں، اس کے باوجود ان کے مکانات جے سی بی کے ذریعہ منہدم کردیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو بے یار و مددگار چھوڑنے کے بجائے حکومت فوری مداخلت کرے اور ان کے لیے دوبارہ مکانات تعمیر کرکے فراہم کرے۔احتجاجی قائدین نے مزید الزام عائد کیا کہ دلت خاندانوں پر قانونی نوٹسوں کے ذریعہ دباؤ ڈالا جارہا ہے اور دیگر مکانات کو بھی منہدم کرنے کی مبینہ دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غریب خاندانوں کو بے گھر کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکام سے فوری طور پر متاثرین کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔تلنگانہ رائتھو سنگم کے ضلع سکریٹری انجلیا گوڑ، سی آئی ٹی یو ضلع سکریٹری بلرام، دلت تنظیموں کے قائدین چننیا اور گجالپا نے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مکانات کی مبینہ مسماری کے معاملہ میں پولیس کی جانب سے مناسب کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور متاثرین کو انصاف فراہم کرنے پر زور دیا۔ بعد ازاں احتجاجی قائدین اور متاثرہ خاندانوں نے ضلع کلکٹریٹ پہنچ کر ایڈیشنل کلکٹر سرینو کو تحریری عرضی پیش کی۔ عرضی میں مکانات منہدم کرنے کے ذمہ دار افراد کے خلاف ایس سی، ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے، متاثرہ دلت خاندانوں کے مکانات دوبارہ تعمیر کرنے اور انہیں مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر شیوکمار بابو، ہنومنتھو لوکورتی، دلت سنجیو کے علاوہ متاثرہ دلت خاندانوں کے افراد اور مختلف تنظیموں کے قائدین موجود تھے۔