نارائن پیٹ میں 2 تیندوے دکھائی دیئے‘عوام اور کسانوں میں خوف کا ماحول

   

حیدرآباد/17 جولائی ( سیاست نیوز) ریاست کے اضلاع میں موسلا دھار بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں جنگلی جانور آبادیوں میں داخل ہورہے ہیں۔ نارائن پیٹ ضلع کے کوسگی علاقہ میں 2 تیندوے نظر آئے جس کے ساتھ عوام میں خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی۔کوسگی کے قریب پہاڑیوں پر دو تیندوے آزادی سے گھومتے دکھائی دیئے اور وہ بظاہر کسی شکار کی تلاش میں تھے۔ سوشیل میڈیا میں تیندوے کی تصاویر و ویڈیو وائرل ہوئیں ۔ تیندووں نے کئی مویشیوں کو شکار بنایا ۔ آبادی سے قریب دو تیندوے دکھائی دینے کے بعد سے کسان اور زرعی مزدور کھیتوں میں جانے سے خوفزدہ ہیں اور محکمہ جنگلات کو اطلاع دی گئی۔ محکمہ جنگلات نے عوام سے چوکسی کی اپیل کی اور رات کے اوقات میں تنہا باہر نکلنے سے گریز کا مشورہ دیا ۔ اطلاعات کے مطابق محکمہ جنگلات سے تیندووں کا تعاقب کرکے انہیں جنگل میں واپس کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ر