حیدرآباد ۔ 23 اپریل (سیاست نیوز) ناردان ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کی کاوشوں کو وزارت روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ نیشنل ہائی ویز کی جانب سے دو یونٹس میں حصول اراضی کیلئے گزٹ اعلامیہ جاری کرنے اور حصول اراضی پر اعتراضات طلب کرنے کے ساتھ تقویت ملی ہے۔ شہر کے شمالی حصہ میں ریجنل رنگ روڈ 158 کلو میٹر پر محیط ہے۔ دو یونٹس کیلئے جاری کردہ اعلامیہ میں یادادری۔ بھونگیر جہاں 208.6 ہیکٹرس اراضی درکار ہے اور اندول ۔ جوگی پیٹ یونٹ شامل ہیں جہاں 108.94 ہیکٹرس کی ضرورت ہے۔ اعلامیہ کے مطابق حصول اراضی پر اگر کوئی اعتراضات ہوں تو اسے 21 دن کے اندر داخل کرنا ہوگا۔ نوٹیفکیشنس میں تمام تفصیلات بشمول سروے نمبرات، زمین کی قسم، اراضی کی نوعیت، رقبہ دیئے گئے ہیں۔ اعتراضات عہدیدار مجاز کے پاس تحریر میں داخل کرنا ہوگا۔ اندول۔ جوگی پیٹ یونٹ میں عہدیدار مجاز ہیں۔ آر ڈی او۔ اسی طرح یادادری، بھونگیر یونٹ کیلئے عہدیدار مجاز ایڈیشنل کلکٹر ہیں۔ وزارت کی جانب سے چھ یونٹس کیلئے حصول اراضی کیلئے مزید چھ اعلامیہ جات جاری کئے جائیں گے جو سنگاریڈی، نرساپور، توپران، گجویل، یادادری، چوٹ اپل روٹ کا احاطہ کرتے ہیں۔ وزارت نے 340 کلو میٹر کا احاطہ کرنے کیلئے تعمیر کی جارہی ریجنل رنگ روڈ کے شمالی حصہ کو قومی شاہراہ کا موقف عطا کرچکی ہے۔ ریاستی حکومت نے جنوبی حصہ کیلئے 500 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔