ناقص غذائی اشیاء کی فروختگی کا ریاکٹ بے نقاب

   

تین افراد بشمول میاں بیوی گرفتار ، ایس او ٹی پولیس کی کارروائی
حیدرآباد : یکم / مارچ (سیاست نیوز) ناقص غذا ئی اشیاء کو مارکٹ میں فروخت کرتے ہوئے انسانی زندگی کیلئے خطرہ ثابت ہونے والے ایک ریاکٹ کو ایس او ٹی پولیس نے پردہ فاش کردیا اور تین افراد بشمول میاں بیوی کو گرفتار کرلیا ۔ مارکٹ سے ناقص اور مدت ختم ہونے والی اشیاء بالخصوص بچوں کے استعمال والی اشیاء چاکلیٹ ، کینڈی ، ہربل صابن و دیگر ہمہ اقسام کو ضبط کرلیا ۔ تروپ بازار عابڈس علاقہ کے ساکنان 58 سالہ امبالہ جین ، 55 سالہ کمل جین اور امبالہ جین کی بیوی 55 سالہ سنگیتا جین کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم اور میڈی پلی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ریڈیز کالونی کے ایک مکان پر دھاوا کیا اور 10 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ ان اشیاء کے استعمال کی مدت ختم ہوچکی تھی اور مدت ختم ہونے والی ایکسپائری اشیاء کو ممبئی اور دیگر مقامات سے کم قیمت پر خرید کر یہ لوگ ان اشیاء کے ایکسپائری لیبل کو نکال دیا کرتے ہیں اور اس کی جگہ نئے ایکسپائری لیبل کو لگاکر مارکٹ میں زیادہ قیمت پر فروخت کرتے ہیں ۔ ان ایکسپائری مدت ختم ہونے والی اشیاء کا استعمال انسانی صحت کے لئے خطرناک ثابت ہوتا ہے ۔ ایک خفیہ اطلاع پر /28 فبروری پولیس نے سری ارینہانت کارپوریشن اسٹور پر دھاوا کیا ۔ اور اسٹور انچارج و دیگر کو حراست میں لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور ان تینوں کو گرفتار کرلیا ۔ گزشتہ 6 ماہ سے جین خاندان یہ کاروبار کررہا تھا اور اس طرح وہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھا ۔ پولیس میڑی پلی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔ ع