ناقص کارکردگی پر 32 ارکان اسمبلی پر جگن موہن ریڈی کی برہمی

   

عوامی رابطہ مہم کا جائزہ، انٹلیجنس سے رپورٹ طلب، کارکردگی بہتر نہ ہونے پر ٹکٹ سے محرومی کی دھمکی
حیدرآباد ۔16 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے پارٹی کے 32 ارکان اسمبلی کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کو انتباہ دیا کہ اگر وہ اپنی کارکردگی بہتر نہیں بنائیں گے تو آئندہ انتخابات میں ٹکٹ سے محروم ہوسکتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے جاریہ سال 11 مئی کو حکومت کی فلاحی اسکیمات سے عوام کو واقف کرانے کیلئے حکومت عوام کی دہلیز پر کے عنوان سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت ارکان اسمبلی کو اپنے حلقہ جات میں پہنچ کر عوام کو حکومت کی فلاحی اسکیمات اور اس کے فوائد سے واقف کرانا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کو پیش کردہ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا کہ 32 ارکان اسمبلی اس پروگرام میں دلچسپی نہیں دکھارہے ہیں۔ چیف منسٹر کو جب یہ رپورٹ موصول ہوئی تو انہوں نے ناقص کارکردگی والے ارکان پر برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ اسمبلی الیکشن میں پارٹی ٹکٹ سے محروم کرنے کی دھمکی دی۔ چیف منسٹر نے ارکان اسمبلی کو ہدایت دی کہ عوامی رابطہ مہم کے ذریعہ نہ صرف مسائل کی سماعت کریں بلکہ ان کی یکسوئی کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی تین ماہ میں ایک مرتبہ اس پروگرام پر عمل آوری کا جائزہ لے رہے ہیں۔ جائزہ اجلاس میں انہوں نے اس پروگرام پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔ انٹلیجنس ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ ارکان اسمبلی کی کارکردگی پر سروے رپورٹ حاصل کی گئی ہے ۔ تازہ ترین سروے کے مطابق 32 ارکان اسمبلی حکومت کے اس پروگرام میں پیچھے ہیں۔ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ وہ آئندہ سال مارچ میں پھر ایک مرتبہ جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔ واضح رہے کہ آندھراپردیش میں اہم اپوزیشن تلگو دیشم نے حکومت کی ناکامیوں کے خلاف عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا ہے جس کے تحت سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو مختلف اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس پا رٹی کو آئندہ انتخابات میں تلگو دیشم ، بی جے پی اور جنا سینا سے مقابلہ درپیش ہے۔ر