نامور شاعر و ادیب حمایت علی کا انتقال

   

ٹورنٹو۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے معروف ادیب حمایت علی شاعر طویل عرصے کی علالت کے بعد 93 برس کی عمر میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں انتقال کرگئے جبکہ ان کی تدفین بھی وہیں ہوگی۔حمایت علی شاعر کی زندگی پر نظر ڈالی جائے تو وہ 14 جولائی 1926 کو اورنگ آباد (دکن )میں پیدا ہوئے، جبکہ تقسیم ہند کے بعد انہوں نے پاکستان آکر کراچی میں سکونت اختیار کرلی۔انہوں نے سندھ یونیورسٹی سے اردو میں ایم اے کیا اور وہیں سے اپنے لکھنے کے سفر کا آغاز کیا۔حمایت علی شاعر نے مختلف شعبوں میں کام کیا ہے جن میں تدریس، صحافت، ادارت، ریڈیو، ٹیلی ویژن ،فلم اور تحقیق شامل ہیں۔ٹیلی ویژن پر ان کے کئی تحقیقی پروگرام پیش کئے جا چکے ہیں جن میں ‘خوشبو کا سفر’، ‘عقیدت کا سفر’، ‘لب آزاد’ کافی مقبول ہیں۔مرحوم نے ’’لوری‘‘ نامی ایک فلم پروڈیوس بھی کی تھی جو اپنے وقت کی کامیاب ترین پاکستانی فلم تھی۔ان کے فلمی نغمات کا مجموعہ بھی ‘تجھ کو معلوم نہیں’ کے نام سے شائع ہوچکا ہے۔