ناموس رسالت ؐ کا تحفظ اولین ایمانی فریضہ

   

ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی قادری شرفی، ڈاکٹر نادر المسدوسی و ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی کے خطابات

حیدرآباد۔ 30 اکتوبر (راست) عصر حاضر میں امت مسلمہ کو سارے عالم میں جس طرح کے چیالنجس درپیش ہیں وہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ آج مسلمانان عالم اسلام سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ آج مسلمان جہاں سیرتِ مصطفیٰ ﷺ اور فرائض اسلام کو فراموش کررہے ہیں وہیں باطل طاقتیں اپنا سر اٹھارہی ہیں۔ قوم مسلم یہ بھول چکی ہے کہ رب تعالیٰ نے فرمایا کہ تم وہ قوم ہو جو دوسروں کو نیکی کی طرف بلانے والی اور برائیوں سے روکنے والی ہے۔ جب تک مسلمان حضور نبی پاک ؐ سے بے پناہ محبت رکھتے تھے اور دین اسلام پر سختی سے عمل پیرا تھے۔ اس وقت تک سارے عالم پر مسلمانوں کی حکومت کا جھنڈا لہراتا تھا۔ صحابہ کرام و اہلبیت اطہار ؓ کی زندگیاں نبی پاکؐ سے بے پناہ محبت کی اعلیٰ مثال ہیں۔ آج وقت ہے کہ مسلمان اپنے دلوں میں پھر سے عشق رسول ؐ کی تحریک کو زندہ کرلیں۔ اپنی نسلوں کو دین اسلام کی تعلیم و تربیت کے ساتھ عشقِ رسول ؐ کی تعلیم دیں اور بتائیں کہ دین و دنیا کی کامیابی و کامرانی صرف نبی پاک ؐ سے محبت میں ہی مضمر ہے اور آج وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ناموس رسالت ؐ کے تحفظ کے لئے ایک عظیم تحریک کا آغاز کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی قادری شرفی نے کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے اجلاس منعقدہ مکتبہ قادریہ، دبیر پورہ سے کیا۔ مولانا ڈاکٹر نادر المسدوسی نے کہا کہ آئے دن ہمارے ملک ہندوستان میں شان رسالت مآب ؐ میں جس طرح کی گستاخیاں ہو رہی ہیں وہ ناقابل قبول ہیں۔ حکومت ہند سے یہ مطالبہ کریں کہ ناموس رسالت کے تعلق سے پارلیمنٹ میں ایک بل منظور کیا جائے کہ کوئی بھی بدترین شخص کبھی شان رسالت مآب ؐ میں گستاخی کرنے کی جرأت نہ کرے اور گستاخی کے مرتکب کو سزائے موت کا اعلان کیا جائے۔ مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی (نائب صدر رحمت عالم کمیٹی) نے کہا کہ والدین و سرپرست اپنے بچوں کو اسلامی تعلیم و تربیت سے آراستہ کریں۔ ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ اپنی نسلوں کو حضور نبی پاک ؐ، اہلبیت اطہار و صحابہ کرام سے محبت کا درس دیں اور دین کا داعی بنائیں۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی) نے کہا کہ صحابہ کرام و اہل بیت اطہار کی زندگیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ تابعین و تبع تابعین اولیاء اجمعین نے دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے ساتھ ساتھ ناموسِ رسالت ؐ کے تحفظ کو اپنا سب سے بڑا ایمانی فریضہ سمجھا۔ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی ’’تحفظ ناموس رسالت ؐ تحریک‘‘ کو ہندوستان بھر میں پہنچانے کے لئے پر عزم ہے جس کے لئے کمیٹی شب و روز اپنی کاوشوں کو جاری رکھی ہوئی ہے۔ آخری میں صلوۃ و سلام اور دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔