حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی نامپلی میں اردو میڈیم سرکاری اسکولوں کی ابتر صورتحال کے سبب طلبہ اور سرپرستوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ حالیہ دنوں میں مجلس بلدیہ نے ہمایوں نگر اردو میڈیم اسکول کی عمارت کو خستہ حالی کا بہانہ کرتے ہوئے منہدم کردیا جس میں طلبہ کی تعداد 450 تھی۔ ان طلبہ کیلئے کوئی مستقل عمارت کا انتظام کئے بغیر عمارت منہدم کردی گئی جس کے نتیجہ میں طلبہ کا مستقبل خطرہ میں پڑچکا ہے۔ کانگریس قائدین محمد فیروز خاں اور عثمان محمد خاں نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کے احتجاج کے بعد محکمہ تعلیم نے طلبہ کو تین مختلف اسکولوں میں منتقل کیا لیکن وہاں بنیادی انفراسٹرکچر کی کمی کے سبب نہ صرف طلبہ بلکہ ٹیچرس کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ طلبہ کی مسلسل شکایت پر عثمان محمد خاں نے آج ملے پلی ، ہمایوں نگر اور کاماٹی پورہ اردو میڈیم اسکولوں کا اچانک دورہ کیا۔ تینوں اسکولوں میں طلبہ کی تعداد انتہائی کم تھی۔ طلبہ نے بتایا کہ اسکول کی منتقلی کے بعد سے سرپرستوں نے اپنے بچوںکو روک لیا ہے۔ اسکولوں میں ایک کلاس میں پانچ جماعتوں کے طلبہ کو اکھٹا کردیا گیا ہے اور ٹیچرس کو اپنی اپنی کلاس کے طلبہ کو پڑھانا دشوار ہوچکا ہے ۔ ایک کمرہ میں پہلی تا پانچویں جماعت کے طلبہ کو جمع کرنے سے تعلیم متاثر ہوچکی ہے۔ تینوں اردو میڈیم اسکولوں کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ طلبہ نے شکایت کی کہ مناسب سہولتوں کے بغیر انہیں منتقل کردیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیچرس بیک وقت پانچ جماعتوں کو پڑھانے سے قاصر ہیں۔ کاماٹی پورہ اسکول کے پرنسپل کے روم کو کلاس روم میں تبدیل کردیا گیا۔ ٹیچرس نے شکایت کی کہ حکام کو اسکولوں کے تحفظ اور بہتر تعلیم سے دلچسپی نہیں ہیں۔ عثمان محمد خاں نے طلبہ کو تیقن دیا کہ وہ ہمایوں نگر اسکول کی مستقل عمارت کے لئے حکام سے نمائندگی کریں گے اور موجودہ اراضی پر نئی عمارت کی تعمیر تک جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عوامی نمائندوں کو اردو میڈیم اسکولوں سے کوئی دلچسپی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر رکن پارلیمنٹ اور رکن اسمبلی چاہیں تو اراضی کے مالک کو زائد رقم دے کر نئی عمارت تعمیر کی جاسکتی تھی ۔ اس کے علاوہ سر وسکشھا ابھیان کے تحت اراضی حاصل کی جاسکتی ہے لیکن مقامی جماعت اور محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کی ملی بھگت کے نتیجہ میں نامپلی اسمبلی حلقہ کے غریب طلبہ تعلیم سے محروم ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی منتقلی کے بعد ٹیچرس کے بعض رجسٹرس اور دیگر ریکارڈس موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ منصوبہ بند طریقہ سے اردو میڈیم اسکولوں کا صفایا کیا جارہا ہے۔ کانگریس قائد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہمایوں نگر اسکول کی عمارت کو فوری بحال کیا جائے۔