نامپلی میں 15 منزلہ آٹومیٹیڈ ملٹی لیول اسمارٹ پارکنگ کامپلکس کی تعمیر

   


حیدرآباد ۔ 17 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے اہم علاقہ نامپلی میں پارکنگ کی سہولت کو بہتر بنانے کے منصوبہ کے ایک حصہ کے طور پر آٹو میٹیڈ ملٹی لیول 15 منزلہ پارکنگ کامپلکس تعمیر کیا جارہا ہے۔ تقریباً آدھا ایکر اراضی پر پی پی پی سسٹم کے تحت 60 کروڑ روپئے کے مصارف سے ایچ ایم آر اس کی تعمیر کررہا ہے۔ فی الحال 14 ویں منزل کے سلاب کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ میٹرو ریل کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس کی تعمیرات آئندہ سال مارچ تک مکمل ہوجائیں گی اور اپریل کے پہلے ہفتہ میں یہ کامپلکس گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے عوام کو دستیاب ہوجائے گا۔ پری فیبریکیٹیڈ کنسٹرکشن کے تحت 15 منزلہ عمارت تعمیر کی جارہی ہے جس میں 10 منزلوں پر پارکنگ کی سہولت ہوگی ماباقی 5 منزلوں کو تجارتی سرگرمیوں کیلئے مختص کیا جارہا ہے۔ پراجکٹ پر 60 کروڑ روپئے کے اخراجات ہورہے ہیں۔ جرمن کمپنی پالسس کے تعاون سے یہ ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس تعمیر کیا جارہا ہے جس میں 250 کاریں اور 100 ٹووہیلر گاڑیاں پارک کرنے کی سہولت ہوگی۔ نامپلی میٹرو اسٹیشن اور گاندھی بھون کی طرف تعمیر ہونے والے اسکائی واک سے عوام کو اپنی گاڑیاں اس کامپلکس میں پارک کرنے کی سہولت ہوگی۔ شمسی توانائی کے ساتھ ہوا سے برقی کی پیداوار کا نظام بھی تیار کیا جارہا ہے۔ اسمارٹ کارڈ سے گاڑیوں کے پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔ن