ناندیڑ میں بی آر ایس کی توسیع کیلئے ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی کا دورہ

   

کسانوں اور دیگر طبقات سے ملاقات، تلنگانہ کی طرز پر ملک بھر میں فلاحی اسکیمات کا وعدہ
حیدرآباد ۔22 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کی سرگرمیوں کو مہاراشٹرا میں توسیع دینے وزیر قانون اے اندرا کرن ریڈی نے آج ناندیڑ کا دورہ کیا ۔ انہوں نے کسانوں اور دیگر شعبہ جات سے وابستہ افراد سے ملاقات کی اور بی آر ایس کا تعارف پیش کیا۔ وزیر قانون نے کہا کہ ملک کی ہمہ جہتی ترقی اور عوام کی بھلائی بی آر ایس کے ذریعہ ممکن ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ملک سے نفرت کے خاتمہ اور تلنگانہ کی طرح فلاحی اسکیمات متعارف کرنے بی آر ایس کا قیام عمل میں لایا ہے۔ ملک کے ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود کو اس مہم سے وابستہ کرے۔ اندرا کرن ریڈی نے ناندیڑ کے کئی دیہی علاقوں کا دورہ کرکے عوام سے ملاقات کی ۔ انہوں نے کسانوں سے فصلوں کی امدادی قیمت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں کسانوں کیلئے مفت برقی سربراہی کے علاوہ رعیتو بیمہ و رعیتو بندھو جیسی اسکیمات پر عمل ہورہا ہے۔ تلنگانہ کسان حکومت کی اسکیمات سے خوشحال ہیں اور زرعی شعبہ کی معاشی حالت بہتر ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے سرحدی علاقوں میں بسنے والے مہاراشٹرا اور کرناٹک کے عوام تلنگانہ طرز کی اسکیمات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ کئی دیہاتوں نے تلنگانہ میں انضمام کا مطالبہ کیا ہے۔ اندرا کرن ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر َْذ ناندیڑ کا دورہ کریں گے اور جلسہ سے خطاب کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم سے دلتوں کو خود مکتفی بنایا جارہا ہے۔ حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہر میں تبیل کرنے آئی ٹی ، فارما اور دیگر شعبہ جات کی ترقی کے علاوہ روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے ۔ انہوں نے بی جے پی اور کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک کے عوام دونوں پارٹیوں کی حکمرانی دیکھ چکے ہیں، انہیں بی آر ایس کو اقتدار کا موقع دینا چاہئے ۔ مہاراشٹرا کے ہر ضلع میں عنقریب کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ ناندیڑ کے سرگرم قائدین رمیش راتھوڑ ، سنیل کمار بجاج ، اشوک راتھوڑ اور دوسرے موجود تھے۔ وزیرقانون کے ہمراہ رکن اسمبلی وٹھل ریڈی نے ناندیڑ کا دورہ کیا۔ ر