برسلز: ناٹو کے وزرائے دفاع یوکرین کو لڑاکا طیاروں سمیت مزید ہتھیاروں اور گولہ بارود کی فراہمی کے طریقوں پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ اس اجلاس میں کئی بڑی اسلحہ ساز کمپنیوں کے سربراہان بھی شریک ہیں۔ یوکرین کے لیے بنائے گئے رابطہ گروپ کے وزرائے دفاع آج برسلز میں ہیں، جو روس کے خلاف یوکرینی کارروائیوں کے لیے مزید ہتھیاروں کی فراہمی پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ اسلحہ کی پیداوار میں اضافہ اور اس کی یوکرین کو فراہمی کے لیے تقریباً 50 ممالک کے نمائندے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کی سربراہی میں اکٹھے ہوئے ہیں۔ اجلاس میں کئی بڑی اسلحہ ساز کمپنیوں کے سربراہان بھی شریک ہیں۔ ناٹو کے سیکرٹری جنرل ڑینس اشٹولٹن برگ نے خاص طور پر گولہ بارود کی پیداوار بڑھانے کے لیے ایک ایکشن پلان کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین کی جوابی کارروائی وہ واحد راستہ ہے، جس سے روسی صدر کو مذاکرات کے لیے مجبور کیا جا سکتا ہے۔