ناٹو ممالک کا نیا ’اسٹریٹجک کانسپٹ‘ چین ۔روس اتحاد سے نمٹنے کا منصوبہ

   

واشنگٹن : امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے جمعرات کو کہا کہ ان کی انتظامیہ روس کے حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے یوکرین کو جلد ہی مزید 800 ملین ڈالر کی سیکیورٹی امداد فراہم کرے گی۔وہ اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں مغربی ممالک کے عسکری اتحاد ناٹو کے سربراہی اجلاس کے اختتام پر ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ناٹو اجلاس کے دوران سربراہانِ مملکت اور حکومتوں نے ناٹو کے اسٹرٹیجک اتحاد کے لیے ایک نئے منصوبیکی منظوری دی ہے۔صدر بائیڈن نے بتایا کہ نئی امریکی امداد میں جدید فضائی دفاعی نظام، کاؤنٹر بیٹری ریڈار، اور ہائی موبلٹی آرٹلری راکٹ سسٹمز اور گولہ بارود شامل ہوں گے۔ امریکی انتظامیہ پہلے ہی یوکرین کو ہائی موبلٹی آرٹلری راکٹ سسٹمز بھیج چکی ہے۔خبر رساں ادارے ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق بائیڈن نے جمعرات کو کہا کہ آنے والے دنوں میں ان کی انتظامیہ باضابطہ طور پر اس پیکیج کی تفصیل دے گی ۔ خیال رہے کہ امریکی امداد کی تازہ ترین قسط 40 بلین ڈالر کے سیکورٹی اور اقتصادی امداد کے اس پیکج کا حصہ ہے جسے امریکی کانگریس نے گزشتہ ماہ منظور کیا تھا اور جسے بائیڈن نے اپنے دستخط سے قانون بنایا تھا۔ روس کے یوکرین پر حملے سے شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے یہ امداد یوکرین کے لیے ہتھیاروں اور فوجی ساز و سامان کا 14 واں پیکج ہے۔ناٹو اجلاس کیدوران منظور ہونے والے نئے منصوبے کے تحت اتحاد روس اور چین سے پیدا ہونے والے خطرات اور ان کے گٹھ جوڑ کا مقابلہ کرے گا۔وائس آف امریکہ کی انیتا پاول اور پیٹسی وداکوسوارا کی رپورٹ کے مطابق اس دستاویز میں دوسری جنگ عظیم کے بعد سوویت یونین کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے بننے والے مغربی ملکوں کے اتحاد نے پہلی بار بیجنگ سے پیدا ہونے والے چیلنجز کا سامنا کرنے کا ذکر کیا ہے۔جمعرات تک جاری رہنے والے اجلاس میں اس بات کا بھی اعلان کیا گیا کہ ناٹو یوکرین کی امداد جاری رکھے گا جو پچھلے پانچ ماہ سے روسی جارحیت کا سامنا کر رہا ہے۔