ناٹو کاافغان فورسز کی تربیت کا مشن جاری رکھنے کا اعلان

   

بروسیلز،13فروری (سیاست ڈاٹ کام) نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن -ناٹو کے سکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ نے افغانستان میں تشددمیں کمی سے متعلق اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ناٹو افغان فورسز کی تربیت کا مشن جاری رکھے گا۔اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ امن عمل کیلئے امریکہ اور انٹرا افغان مذاکرات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، ناٹو افغان فورسز کی تربیت، مشاورت اور مدد کا مشن جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ طالبان کو امن کے لئے نیک نیتی کے ساتھ کردار ادا کرنا ہوگا۔اسٹولٹن برگ کا کہنا تھا کہ ناٹو امن کے لئے حالات پیدا کرنے میں مدد جاری رکھے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغان صدر اشرف غنی اور سی ای او عبداللہ عبداللہ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔افغان صدر کے مطابق امریکی وزیرخارجہ نے ٹیلی فونک رابطے میں طالبان کی جانب سے تشدد میں کمی کی تجویز سے متعلق آگاہ کیا۔اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ امن سے متعلق ہماری اصولی پوزیشن کے مفید نتائج سامنے آناشروع ہوگئے ہیں۔اشرف غنی نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد خونریزی کو ختم کرنا ہے ۔