دبئی، 14 مئی (آئی اے این ایس) بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر ناہید رانا اور جنوبی افریقہ کی کپتان لارا وولوارڈٹ کو حالیہ بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کے بعد بالترتیب آئی سی سی مینز اور ویمنز پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا ہے۔رانا نے پہلی بار یہ اعزاز حاصل کیا، جب انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں بنگلہ دیش کی 2-1 سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ نوجوان فاسٹ بولرنے سیریز میں 4.46 کی اکانومی ریٹ سے آٹھ وکٹیں حاصل کیں اور انہیں پلیئر آف دی سیریز بھی قرار دیا گیا۔ان کی نمایاں کارکردگی میرپور میں کھیلے گئے دوسرے ونڈے میں سامنے آئی، جہاں انہوں نے 32 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور بنگلہ دیش کو 55 رنز سے شاندار فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے چٹوگرام میں فیصلہ کن میچ میں بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔ رانا نے ووٹنگ کے عمل میں عمان کے کپتان جتندر سنگھ اور متحدہ عرب امارات کے فاسٹ بولر اجے کمارکو پیچھے چھوڑا۔ رانا نے کہا نیوزی لینڈ جیسی عالمی معیار کی ٹیم کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے کے بعد آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ منتخب ہونا ایک شاندار احساس ہیدوسری جانب لارا وولوارڈٹ نے گزشتہ سات ماہ میں تیسری بار آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز حاصل کیا۔ اس سے قبل وہ گزشتہ سال اکتوبر اور دسمبر میں بھی یہ اعزاز جیت چکی ہیں۔جنوبی افریقہ کی اوپنر نے نیوزی لینڈ ویمنز اور انڈیا ویمنز کے خلاف وائٹ بال سیریز میں مختلف فارمیٹس میں مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔