نرمل کی سیاسی سرزمین پر ایک اور نوجوان کی فلاحی سرگرمیوں کا آغاز

   

نوجوانوں میں شناخت رکھنے والے این ونئے ریڈی کا عملی سیاست میں آنے کا فیصلہ

نرمل۔ 13؍ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ نرمل کی سیاسی سرزمین پر ایک اور نوجوان چہرہ فلاحی خدمات کے جذبہ کے ساتھ عوام کے درمیان اپنی سرگرمیوں کا آغاز کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ لکشمن چاندہ منڈل کے موضع وڈیال سے تعلق رکھنے والے این ونئے ریڈی نے عوامی خدمت کو اپنا مقصد بناتے ہوئے میدانِ سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔این ونئے ریڈی لکشمن چاندہ منڈل کے علاوہ حلقہ اسمبلی نرمل کے نوجوانوں میں بھی ایک جانی پہچانی شخصیت کے طور پر اپنی شناخت رکھتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس پارٹی کے ورکنگ صدر کی جانب سے بھی انہیں عوام سے مسلسل رابطہ برقرار رکھتے ہوئے سرگرم رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔اس سلسلہ میں این ونئے ریڈی نے روزنامہ سیاست کے اسٹاف رپورٹر سید جلیل ازہر کی رہائش گاہ پر ان سے خیرسگالی ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بلا لحاظ و بے لوث جذبہ خدمت کے تحت عوامی خدمت کے لیے میدانِ سیاست میں آنے کا فیصلہ اپنے چاہنے والوں اور خیرخواہوں کے مشوروں کے بعد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاست ان کے لیے اقتدار کا ذریعہ نہیں بلکہ عوام کی خدمت کا ایک وسیلہ ہے۔ ان کا مقصد عوام کے درمیان رہتے ہوئے ان کے مسائل کو سمجھنا اور اپنی بساط کے مطابق ان کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں عوام کی خدمت کے لیے مزید سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔این ونئے ریڈی نے کہا کہ انہوں نے اپنے حامیوں اور چاہنے والوں سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے اور آئندہ کا سفر عوام کے تعاون اور بھگوان کی مرضی کے مطابق جاری رہے گا۔