نریندرمودی اور عمران خان سے جلد ملاقات ہوگی

   

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میںحسن روحانی سے ملاقات طئے نہیں : ٹرمپ
واشنگٹن۔/17 ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کو ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ عنقریب وزرائے اعظم ہند و پاکستان سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حالیہ دنوں میں ہند و پاک کے درمیان کشیدگی میں کمی آئی ہے۔ ایک طرف جہاں ٹرمپ ہندوستانی برادری سے ’ہاوڈی۔ مودی ‘ کے انعقاد پر خطاب کریں گے وہیں انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ عمران خان سے کب اور کہاں ملاقات کریں گے۔ ’ہاوڈی۔ مودی ‘ کا انعقاد 22 ستمبر کو ہوگا۔ وائیٹ ہاؤس میں مدعو کئے گئے اخباری نمائندوں کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی اور عمران خان سے جلد ہی ملاقات ہوگی۔ دوسری طرف ٹرمپ کے پروگرام کے مطابق موصوف عمران خان سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر الگ سے ملاقات کرسکتے ہیں جو نیویارک میں جاریہ ماہ منعقد کیا جارہا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کے روز ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے صدر حسن روحانی سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ملاقات متوقع نہیں ہے۔ وائیٹ ہاؤس میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روحانی سے کوئی ملاقات طئے نہیں ہے۔ میں جانتا ہوں کہ وہ ہم سے ملاقات کے خواہاں ہیں۔ میں یہ بھی جانتا ہوں کہ ایک بڑا ملک ہونے کے ناطے ایران کی کارکردگی درست نہیں ہے جہاں کئی مسائل موجود ہیں تاہم ڈھائی تا تین سال قبل وہ مصیبت کا باعث بنے ہوئے تھے لیکن ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔