نصابی کتابوں میں ’انڈیا‘ کو ’بھارت‘ سے تبدیل کرنا۔ کیرالا حکومت کا مرکز مکتوب

,

   

چیف منسٹر پینارائے وجین نے واضح طور پر کہا ہے کہ اسکول کی نصابی کتابوں میں ’انڈیا‘کی جگہ ’بھارت‘لکھنے کی این سی ای آر ٹی کی سفارش کو قبول نہیں کیاجاسکتا ہے۔


تھرویننتھاپورم۔کیرالا میں بائیں بازو کی حکومت نے اسکول نصابی کتابوں میں ’انڈیا‘کی اصطلاح کو ’بھارت‘سے تبدیل کرنے کے لئے این سی ای آر ٹی پینل کی طرف سے کی گئی حالیہ سفارش پر نظر ثانی کرنے کے لئے مرکزی حکومت سے مداخلت کی درخواست کی ہے۔

ریاستی کے جنرل تعلیم منسٹر وی کے سیون کٹی نے ای میل کے ذریعہ وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس معاملے میں مداخلت کی گوہار لگائی ہے۔

این سی ای آر ٹی نے سماجی سائنس پر ایک اعلی سطحی کمیٹی کی تشکیل دی تاکہ اسکولی نصاب کا ازسر نو جائزہ لیں‘ این سی ای آر ٹی نے ملک میں تمام کلاسیس کے اسکول نصابی کتابوں میں ’انڈیا‘ کو ’بھارت‘ سے تبدیل کرنے کی سفارش کی ہے۔

اپنے مکتوبات میں منسٹر سیوان کٹی نے تعلیمی نظام اور ملک کے اتحادکے بہترین مفاد میں موجود طرزعمل کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زوردیا‘ جو کہ اس کے متنوع ثقافتی ورثے پر پروان چڑھتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ نسلوں سے طلباء ملک کے شاندار ماضی تاریخ او رورثے کے بارے میں ’انڈیا‘ کے نام سے جانا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اس میں کوئی بھی تبدیلی الجھن پیدا کریگی اور تعلیمی نظام میں تسلسل کو متاثر کر ے گی۔

سیوان کٹی نے کہاکہ ایسے الزامات سامنے ائے ہیں کہ این سی ای آر ٹی کا موجودہ موقف صرف کچھ نظریات کی حمایت کریگا۔ اپنے خط میں انہوں نے کہاکہ اس سے تاریخ کو مسخ کرنے او رتعلیمی نظام میں تعصب کے بارے میں تشویش پیدا ہوئی ہے۔

وزیرنے کہاکہ سفارشات کی جانچ پڑتال ضروری ہے تاکہ یہ یقینی بنایاجاسکے کہ وہ کسی خاص سیاسی نظریاتی ایجنڈہ کی پیروی تو نہیں کررہے ہیں۔چیف منسٹر پینارائے وجین نے واضح طور پر کہا ہے کہ اسکول کی نصابی کتابوں میں ’انڈیا‘کی جگہ ’بھارت‘لکھنے کی این سی ای آر ٹی کی سفارش کو قبول نہیں کیاجاسکتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زوردیا کہ سب ملکر ہندوستان کے جوہر کی حفاظت کریں۔انہو ں نے کہاتھا کہ موجودہ سفارشات کو گاندھی کے قتل کے بعد آر ایس ایس پر امتناعات‘ مغل تاریخ کے بشمول حالیہ عرصہ میں نصابی کتابوں سے من مانی اخراج کے سلسلے کے طور پراس اقدام کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔چیف منسٹر نے کہاکہ اس اقدام کے پس پردہ سیاست ہمیشہ کی طرح واضح ہے۔