ٹریننگ کیمپس کیلئے نوجوانوں کی بھرتی کرنے این آئی اے کا الزام
حیدرآباد ۔30 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) قومی تحقیقاتی ایجنسی NIA نے اگست میں نظام آباد دہشت گردی معاملہ میں 11 افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔ یہ مقدمہ دہشت گردی ٹریننگ کیمپس کے اہتمام اور پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی جانب سے نوجوانوں کی بھرتی سے متعلق ہے۔ اس معاملہ میں نظام آباد کے 6 ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں کرائم نمبر 141/2022 مورخہ 4 جولائی کو مقدمہ درج کیا گیا تھا، بعد میں 26 اگست کو این آئی اے نے تازہ مقدمہ درج کیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمین مسلم نوجوانوں کو پی ایف آئی میں شمولیت کی ترغیب دے رہے ہیں۔ اپنی تقاریر اور حکومت ہند کے خلاف نفرت انگیز مہم میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ پاپولر فرنٹ آف انڈیا میں شمولیت کے بعد نوجوانوں کو یوگا کلاسس اور فزیکل ایجوکیشن کے نام پر ٹریننگ کیمپس منتقل کیا جارہا ہے جہاں انہیں لاٹھی ، چاقو اور آئرن راڈ کے استعمال کی ٹریننگ دی جارہی ہے۔ این آئی اے نے دعویٰٰ کیا ہے کہ ٹریننگ کیمپس میں ہلاکت کے طریقہ کار کی تربیت دی جاتی ہے۔ ملزمین کو آئی پی سی دفعہ 120-B ، 153-A اور یو اے پی اے ایکٹ کی دفعات 17 ، 18 ، 18-A اور 18-B کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے چارج شیٹ پیش کی گئی ۔ این آئی اے کے مطابق پاپولر فرنٹ کے کارکنوں عبدالقادر ، عبدالاحد، شیخ الیاس احمد ، عبدالسلیم ، شیخ سعد اللہ ، فیروز خاں ، محمد عثمان ، سید یحییٰ سمیر ، شیخ عمران ، محمد عبدالمبین اور محمد عرفان کو مزید تحقیقات کیلئے گرفتار کیا گیا۔ر