نظام آباد :نیٹ کے 8 امتحانی مراکز، تمام انتظامات مکمل

   

نظام آباد۔20 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ملک بھر میں 21 جون (اتوار) کو منعقد ہونے والے نیٹ (NEET) امتحان کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور امیدواروں کو کسی بھی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، اس کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے آج انٹیگریٹڈ ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ کے کامپلکس میں متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے ہدایت دی کہ امتحان کے انعقاد میں کسی قسم کی کوتاہی یا خامی کی گنجائش نہ رہے اور تمام انتظامات انتہائی منظم انداز میں انجام دیے جائیں۔کلکٹر نے بتایا کہ ضلع میں مجموعی طور پر 3456 امیدوار امتحان میں شرکت کریں گے، جن کے لیے ضلع مرکز، بودھن، ڈچپلی اور مکلور میں واقع مختلف تعلیمی اداروں میں آٹھ امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ہر مرکز کے لیے ایک نوڈل آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتحان دوپہر 2 بجے سے شام 5:15 بجے تک جاری رہے گا، تاہم امیدواروں کو بائیومیٹرک حاضری، رجسٹریشن اور تلاشی کے مراحل کی تکمیل کے لیے مقررہ وقت سے کافی پہلے مراکز پہنچنا ہوگا۔ امیدواروں کو صبح 11 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک ہی امتحانی مراکز میں داخلے کی اجازت ہوگی اور اس کے بعد کسی بھی صورت میں داخلہ نہیں دیا جائے گا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے عہدیداران اور امتحانی مراکز کے نوڈل افسران نے شرکت کی۔