نظام آباد کا منی ٹینک بینڈ ایک ماہ سے مقفل

   

تفریحی اور سیاحتی مراکز کی فوری کشادگی کا مطالبہ ۔ بی آر ایس قائدین

نظام آباد۔3 جون ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آباد شہر کے عوام کے لئے تفریحی اور سیاحتی مرکز کی حیثیت رکھنے والے منی ٹینک بنڈ ( قلعہ تالاب) گزشتہ ایک ماہ سے بند رہنے پر بی آر ایس قائدین نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مقامی رکن اسمبلی دھن پال سوریا نارائنا پر عوامی مسائل سے چشم پوشی کا الزام عائد کیا ہے۔ سابق رکن اسمبلی گنیش گپتا نے بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کے ہمراہ منی ٹینک بنڈ کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام، واکرز اور نوجوانوں کی مسلسل شکایات کے باوجود مسئلہ کو نظر انداز کیا جاتا رہا، حالانکہ اس سلسلے میں سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور اخبارات میں متعدد خبریں بھی شائع ہوچکی تھیں۔گنیش گپتا نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس کی جانب سے احتجاج کے اعلان کے بعد ہی انتظامیہ نے عجلت میں منی ٹینک بنڈ کے دروازے کھلوائے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جو مقام ایک ماہ سے بند تھا وہ احتجاج کے دن ہی کیوں کھولا گیا؟ ان کے مطابق یہ اقدام عوامی مفاد کے بجائے سیاسی تنقید سے بچنے کی کوشش معلوم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقام کا معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ وہاں نہ مناسب سیکورٹی انتظامات موجود ہیں اور نہ ہی دیکھ بھال کا مؤثر نظام، جبکہ روزانہ بڑی تعداد میں شہری اس مقام کا رُخ کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ منی ٹینک بنڈ میں پہلے سے موجود کئی مسائل آج بھی برقرار ہیں۔ متعدد درخت خشک چکے ہیں، اسٹریٹ لائٹس ناکارہ ہیں، چوری شدہ سی سی ٹی وی کیمرے دوبارہ نصب نہیں کیے گئے اور صفائی و نگرانی کی صورتحال بھی غیر اطمینان بخش ہے۔ گنیش گپتا نے کہا کہ اگر عوامی اثاثوں کی بنیادی نگہداشت بھی ممکن نہیں تو اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے رکن اسمبلی کو اپنے عہدے پر غور کرنا چاہیے۔اس موقع پر بی آر ایس قائدین سرپا راجو، پربھاکر ریڈی، ستیہ پرکاش، سوجیت سنگھ، رمیش، سیتا رام، راجو اور دیگر کارکن بھی موجود تھے۔