حیدرآباد۔ 8 اکتوبر (سیاست نیوز) نظام ششم نواب میر محبوب علی خان بہادر کے تاریخی ہاوز آف وارڈروب کا جس کی حال ہی میں تزئین نو کی گئی جمعہ کو افتتاح کیا گیا۔ پرانی حویلی پیالیس (نظامس میوزیم) میں واقع اس وارڈروب کا سابق سٹی پولیس کمشنر جناب اے کے خان نے افتتاح کیا۔ اس وارڈروب کا افتتاح مکرم جاہ بہادر مرحوم کے 90 ویں یوم پیدائش پر مکرم جاہ اسکول کے فاؤنڈیشن ڈے کے موقع پر کیا گیا۔ اس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ دنیا کا بڑا وارڈروب ہے جو دو متوازی وارڈروبس کے ساتھ ہے جس کے ہر ایک کی لمبائی 176 فیٹ ہے اور اسے عمدہ برما کے ساگوان سے بنایا گیا ہے اور یہ دو سطحوں پر ہے۔ مکرم جاہ ٹرسٹ فار ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے ٹرسٹیز ایم اے فیض خان اور فیض بن جنگ نے یہ ایونٹ منعقد کیا۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے اے کے خان نے تعلیمی میدان میں حیدرآباد کے نظامس کی خدمات پر روشنی ڈالی اور طلبہ کو مفید مشورے دیئے۔