نظام پیٹ میں ننداگوکل تا چیلمیڈہ کمان بی ٹی روڈ کی تعمیر کا مطالبہ

   

سابق ایم ایل سی ایس سبھاش ریڈی،سابق ارکان اسمبلی پدما دیویندرریڈی،ششی دھرریڈی کی پدیاترا
میدک۔ 30 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کے نظام پیٹ منڈل میں ننداگوکل تا چیلمیڈہ کمان تقریباً 10 کلومیٹر طویل سڑک کی فوری تعمیر کا مطالبہ کرتے ہوئے بی آر ایس پارٹی کی جانب سے پدیاترا نکالی گئی۔ سابق ایم ایل سی شیری سبھاش ریڈی، سابق رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی اور سابق رکن اسمبلی ششی دھر ریڈی کی قیادت میں پارٹی قائدین، کارکنوں اور مقامی عوام نے اس پدیاترا میں حصہ لیا۔عوام کی جانب سے پدیاترا پر زبردست ردعمل حاصل ہوا۔ قائدین نے راستے میں سڑک کی خستہ حالی کا جائزہ لیتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔اس موقع پر سابق ایم ایل سی شیری سبھاش ریڈی نے کہا کہ ننداگوکل اور چیلمیڈہ کمان کے درمیان سڑک انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔ کسانوں، طلبہ، موٹر سواروں اور عام مسافروں کو روزانہ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ موسم باراں میں صورتحال مزید ابتر ہوجاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت کے دور میں ننداگوکل تا چیلمیڈہ سڑک کی ترقی کے لیے 13 کروڑ روپے کے فنڈس منظور کیے گئے تھے، تاہم کانگریس حکومت کو اقتدار میں آئے تقریباً تین سال گزرنے کے باوجود تاحال تعمیراتی کام شروع نہیں کیا گیا۔ پدیاترا میں بی آر ایس قائدین،جیون راؤ،پرشانت ریڈی،زبیر احمد اوردیگر کارکنوں، عوامی نمائندوں اور مقامی عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ’’ننداگوکل،چیلمیڈہ روڈ تعمیر کرو‘‘کے نعرے لگائے۔