نظرانداز کردہ سینئر سٹیزنس کو سٹی پولیس کی قانونی مدد

   

حیدرآباد: سٹی پولیس ایسے عمر رسیدہ اشخاص کو قانونی مدد اور سہارا فراہم کرتے ہوئے مدد کرنے آمادہ ہے جنہیں ان کے بچوں کی جانب سے نظرانداز کردیا گیا ہے۔ حیدرآباد پولیس کمشنر انجنی کمار نے شہر میں تمام پولیس اسٹاف کو ہدایت دی کہ ہر ماہ تین دن عمر رسیدہ اشخاص سے متعلق قوانین پر ٹریننگ سیشن منعقد کریں۔ اس مقصد کے لئے ایک این جی او کی جانب سے شہر میں معمر اشخاص کو سیکوریٹی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کیلئے سٹی پولیس کے ساتھ کام کیا جارہا ہے۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ سٹی پولیس کو سینئر سٹیزنس اور عمر رسیدہ اشخاص سے متعلق کسی بھی مسئلہ کے سلسلہ میں آن لائن شکایتوں کو قبول کرنا چاہئے۔ شہری آن لائن شکایت درج کرواسکتے ہیں اور پولیس سے کسی بھی قسم کی مدد طلب کرسکتے ہیں۔ سٹی پولیس نے میڈیکل کیمپس منعقد کئے اور ایمبولنس سرویسیس فراہم کئے ہیں اور بے گھر لوگوں کو شیلٹر فراہم کیا ہے۔ پولیس نے یکاوتنہا چھوڑ دیئے گئے عمر رسیدہ لوگوں کے رسکیو آپریشنس بھی کئے اور انہیں مناسب دیکھ بھال کے لئے شیلٹر ہومس منتقل کیا۔ عمر رسیدہ اشخاص کیلئے ٹول فری نمبر 18001801253 کو این جی او ہیلپیج انڈیا کی جانب سے ہینڈل کیا جارہا ہے۔ کوویڈ۔19 کے دوران بخار، کھانسی اور سردی سے متاثر متعدد عمر رسیدہ اشخاص کو دواخانوں میں شریک کرنے سے انکار کیا گیا تھا اس این جی او نے انہیں دواخانوں میں شریک کروانے میں مدد کی۔