نقلی بیج کی تیاری کا ریاکٹ بے نقاب

   

کلواکرتی میں انفورسیس عہدیداروں کے دھاوے ، 30 لاکھ روپئے سے زائد بیج ضبط
کلواکرتی ۔ /20 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی میں کل رات ایک خفیہ طور پر انفورسیس عہدیداروں نے انجنیلو شخص کے مکان پر دھاوا کرتے ہوئے ان کے مکان میں موجود 2 ہزار 500 سو کیلو سے زائد مختلف نقلی بیجوں کو ضبط کرلیا ۔ جس کی قیمت تقریباً 30 لاکھ سے زائد بتائی جارہی ہے جیسے ہی اس اطلاع پر عہدیداروں نے دھاوا کیا وہ یہ دیکھ کر دنگ رہ گئے کہ اتنی زیادہ مقدار میں کس قدر نقلی بیج بازار میں چل رہے ہیں ۔ اس شخص کے تعلق سے بتایا گیا کہ مارکٹ میں جس کمپنی کے بھی بیج کی زیادہ مانگ ہوتی ہے یہ شخص وہ بیج نقلی رنگوں کے ذریعہ تیار کرکے کسانوں کو فروخت کردیتا تھا جس کے سبب کسان کافی نقصانات اٹھارہے تھے ۔ سامان کی ضبطی اور کیس درج کرنے کے بعد ضلع اگریکلچر آفیسر بی سنگھاریڈی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جو کوئی بھی ایسے غیرقانونی دھندے میں ملوث ہے انہیں کسی حال بھی بخشا نہیں جائے گا اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کسانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ گورنمنٹ کی جانب سے منظورشدہ دوکانات سے ہی بیجوں کو حاصل کریں اور کسی بھی طرح کے بیجوں کے تعلق سے شکوک و شبہات ہوں تو فوراً ہمارے عملہ کو اس کی اطلاع دیں ۔ فوراً کارروائی کی جاکر ایسے افراد کو سزاء دی جائے گی اور انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ گر کوئی اس کاروبار کیلئے خواہشمند ہیں تو وہ عہدیداروں سے رجوع ہوں 24 گھنٹے کے اندر اندر انہیں لائسنس فراہم کیا جائے گا لیکن ایسے غلط طریقے سے کاروبار کرنا اور جان بوجھ کر کسانوں کو دھوکہ دینا انتہائی غلط اور دھوکہ دینا ہے جن کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی ۔ اس مہم میں ضلع اگریکلچر آفیسر بی سنگھاریڈی مقامی اگریکلچر آفیسر گوپال مرلید ھر ، ملاریڈی ، سریش ، سی آئی سریندر ریڈی ، ایس آئی نرسمہلو اور آر آئی ششی دھر راؤ و دیگر موجود تھے ۔