نلگنڈہ ضلع میں رعیتو ویدیکا عمارت کا سنگ بنیاد

   

تمام ملک میںانقلابی تبدیلیوں کا آغاز : ریاستی وزیر توانائی
نلگنڈہ: وزیر توانائی جی جگدیش ریڈی نے منگل کو ضلع نلگنڈہ کے مْنگوڑ اسمبلی حلقہ میں رعیتو ویدیکا عمارت کا سنگ بنیاد رکھا. اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رعیتو ویدیکا تمام ملک میں انقلابی تبدیلی کا آغاز ہوگا. متحدہ ریاست آندھراپردیش میں زرعی شعبے کو نظرانداز کیا گیا جبکہ تشکیل تلنگانہ کے بعد وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے خصوصی توجہ دی اور اب ریاستی حکومت عالمی و قومی ماہرین زراعت اور کمیشن کی ہدایات کے مطابق کسانوں کو نہ صرف مختلف پراجیکٹس کے ذریعہ پانی اور اسکیمس کے تحت رقمی امداد فراہم کر رہی ہے بلکہ اْگائی ہوئی فصلوں کی مناسب قیمت کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے. انہوں نے کہا کہ رعیتو ویدیکا عمارات میں کسان آپس میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے قومی اور عالمی سطح پر بھی اپنی پیداوار کی مارکیٹنگ کمپیوٹر کے ذریعہ کرسکتے ہیں. کسانوں کو فصل کی قیمت کے تعین میں آزادی کے لیے رعیتو بندھو سمیتیاں قائم کی گئی ہیں. انہوں نے مرّی گوڑہ، نامپلی منڈلس، چنڈور منڈل کے بنگارو گڈّہ اور منگوڑ منڈل کے زرعی کلسٹرس میں رعیتو ویدیکا عمارات کا سنگ بنیاد رکھا. اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر وی چندرشیکھر، رکن راجیہ سبھا لنگیا یادو، رعیتو بندھو ضلع کوآرڈینیٹر رام چندر نائک، محکمہ زراعت کے جوائنٹ ڈائریکٹر سریدھر ریڈی اور مقامی عوامی نمائندے موجود تھے۔