جاریہ سال کی نمائش میں ایک دن میں سب سے زیادہ فٹ فال
حیدرآباد : آل انڈیا انڈسٹریل ایگزیبیشن (AIIE) سوسائٹی کے زیر اہتمام حیدرآباد کی تاریخی نمائش میں کل بروز منگل سنکرانتی کی تعطیل کی وجہ سے ریکارڈ تعداد میں عوام کا ہجوم دیکھا گیا ۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سوسائٹی کے سکریٹری بی سریندر ریڈی نے کہا کہ اب تک ٹکٹوں کی فروخت میں پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 25,000 سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔سنکرانتی کی چھٹی پر 73,000 نے حیدرآباد کے تاریخی نمائش کا دورہ کیا۔کل سنکرانتی کی تعطیل ہونے کی وجہ سے شہر میں نمائش میدان میں انسانی سروں کا سمندر دیکھنے میں آیا کیونکہ ایک ہی دن میں 73,000 افراد نے تاریخی نمائش کا مشاہدہ کیا۔ یہ اس سال کی نمائش میں ایک دن میں سب سے زیادہ فٹ فال تھا۔نمائش میں تقریباً 2,200 اسٹالز ہیں۔ اس سال نمائشی سوسائٹی کو اسٹالز کیلئے تقریباً 2500 درخواستیں موصول ہوئیں۔ٹکٹ کی قیمتیں اور اوقات کی اگر بات کی جائے تو نمائش پورا ہفتہ شام 4 بجے سے رات 10:30 بجے تک اور اختتام ہفتہ اور تعطیلات کے دنوں میں شام 4 بجے سے رات 11 بجے تک کھلی رکھی جارہی ہے۔ اس سال ٹکٹ کی قیمت 50 روپئے ہے۔جبکہ ای۔ کامرس میں تیزی کے سبب کہیں سے بھی کوئی بھی چیز خریدنا انتہائی آسان اور کم وقت میں ممکن ہوچکا ہے لیکن اتنی سہولتوں کے باوجود حیدرآباد کی تاریخی نمائش میں کاروبار پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔ نمائش سوسائٹی کے سیکریٹری نے بھی اس کی تصدیق کی۔ نمائش پر ای ۔کامرس کی تیزی کے اثرات کا جواب دیتے ہوئے سکریٹری نے واضح طور پر اُسے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کوئی اثر مرتب نہیں ہوا ہے۔ نمائش میں تفریح اور خریداری کی غرض سے آنے والوں کی حفاظت کو یقینی بنانے نمائش سوسائٹی نے سخت حفاظتی اقدامات کئے ہیں۔ ان اقدامات میں سی سی ٹی وی کے ذریعہ نگرانی، سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی، موقع پر موجود پولیس اسٹیشن اور فائر سیفٹی پروٹوکول شامل ہیں۔اس کے علاوہ اِن سارے انتظامات کے باوجود اگر کوئی ناگہانی واقعہ پیش آجائے جیسے مہیب آگ یا بھگدڑ وغیرہ تو فوری طور پر تمام ایمرجنسی گیٹس کھول دینے کیلئے مستعد اسٹاف کو تعینات کیا گیا ہے۔ 2