نمائش کے لیے صیانتی انتظامات کو یقینی بنانے کے اقدامات

   

نئے قواعد و ضوابط سے متعلق غور و خوض ، چیف سکریٹری کی زیر نگرانی اجلاس
حیدرآباد۔16اپریل(سیاست نیوز) ریاست میں نمائش اور سیل کے سلسلہ میں اجازت ناموں کے حصول کے لئے تیار کئے جانے والے نئے قواعد و ضوابط کے سلسلہ میں چیف سیکریٹری مسٹر ایس کے جوشی کی زیر نگرانی ایک اجلاس منعقد ہوا اور اس اجلاس میں مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے اعلی عہدیداروں نے اپنی تجاویز اور قواعد کے سلسلہ میں تیار کردہ مسودہ چیف سیکریٹری کو پیش کیا۔ مسٹر ایس کے جوشی کی زیر نگرانی منعقد ہونے والے اس اجلاس میں مسٹر اروند کمار پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق ‘ مسٹر انجنی کمار کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس‘ مسٹر مہیش بھگوت‘ مسٹر دانا کشور کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘مسٹر انیل کمار‘ مسٹر وسواجیت کمپاٹی‘مسٹر گوپی کرشنا ‘ مسٹر راجیو تریویدی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ بتایاجاتا ہے کہ اجلاس کے دوران موصول ہونے والی تجاویز اور مسودہ کا جائزہ لیتے ہوئے ایک مسودہ تیار کیا جائے گا جو کہ حکومت کو پیش کرتے ہوئے اس کی منظوری کے اقدامات کئے جائیں گے۔مسٹر ایس کے جوشی نے اجلاس کے دوران عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نمائش اور سیل کے دوران عوام کی آمد و رفت کے علاوہ ان کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور مستقل عمارتو ںمیں منعقد کی جانے والی نمائش اور کھلے مقامات پر منعقد ہونے والے نمائش و میلوں کے سلسلہ میں تیار کئے جانے والے قوانین و ضوابط میں اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے گا کہ کس طرح عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور نمائش کے آرگنائزرس کو اجازت ناموں کی اجرائی کے سلسلہ میں سہولتیں پیدا کرنے کے متعلق بھی غور کیا جا رہاہے۔بتایا جاتا ہے کہ کھلے مقامات کے علاوہ مستقل عمارتوں میں بھی منعقد ہونے والی نمائش و تقاریب کے لئے بھی نئے قواعد کے نفاذ کے سلسلہ میں اقدامات کا منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ کہیں بھی کوئی حادثہ پیش آنے کی صورت میں فوری کاروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔جاریہ سال کے اوائل میں نمائش کے دوران پیش آئے آتشزنی کے واقعہ کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کے پیش نظر اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ریاست بالخصوص شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے والی نمائش اور سیل کو خصوصی اجازت ناموں کی اجرائی کے علاوہ ان مقامات پر خصوصی حفاظتی و صیانتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی مقام پر بغیر اجازت کے حصول کے نمائش یا عوامی سیل کے انعقاد کو روکنے کے اقدامات کئے جائیں۔