نندی گاما دوہرے قتل کا معمہ حل ۔ قاتل گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 17 جون (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے نندی گاما سنسنی خیز دوہرے قتل کی واردات کو حل کرکے قاتل کو گرفتارکرلیا۔ یادرہیکہ کل رات حالت نیند میں قاتل نے دادی اور پوتی کا قتل کردیا تھا۔ اس واردات کے بعد نندی گاما میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی تھی۔ اطلاع کے ساتھ ہی نندی گاما پولیس کے علاوہ اے سی پی اور ڈی سی پی کیس کی یکسوئی میں جٹ گئے اور چند گھنٹوں میں قاتل کو گرفتار کرلیا اور مسروقہ اشیاء کو ضبط کرلیا۔ 60 سالہ پاروتماں اور اس کی پوتی 9 سالہ بھانو پریہ پر حملہ کرکے ان کا گلہ کاٹ کر قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس معاملہ کی یکسوئی اور قاتل کو گرفتار کرنے اسپیشل ٹیم کو تشکیل دیا تھا۔ پولیس نے کیس کو حل کرلیا اور قاتل 23 سالہ دیواکر ساہو ساکن نندی گاما متوطن بہار کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد نارائن ریڈی کے مطابق دیواکر ساہو نے کل رات واردات انجام دی۔ پولیس نے بتایا کہ مقتولہ پاروتماں اپنی بہن کی پوتری کے ہمراہ رہتی تھی جو آنگن واڑی سنٹرمیں آیا کی حیثیت سے خدمات انجام دیتی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ دیواکر ساہو پاروتماں کا کرایہ دار تھا، میاں بیوی میں روزانہ جھگڑوں اور شورشرابے سے تنگ آکر پاروتماں دیواکر کو مکان سے نکال دیا۔ اس نے پڑوس میں مکان کرایہ پر حاصل کرلیا اور پاروتماں پر برہم تھا، بے عزتی کا بدلہ لینا چاہتا تھا اور بدلہ لینے کی کوشش میں تھا۔ کل رات دادی پوتی مکان کے باہر سورہے تھے۔ انہیں حالت نیند میں دیکھ کر ان پر اینٹ سے حملہ کیا اور دونوں کا گلہ کاٹ کر قتل کرنے کے بعد الماری سے زیورات اور نقد رقم لوٹ کر فرار ہوگیا۔ پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ع