نواز شریف شریک دواخانہ حالت تشویشناک

   

لاہور 22 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف جو فی الحال جیل میں قید ہیں، اچانک صحت بگڑ جانے کے بعد دواخانہ کو منتقل کردیئے گئے۔ رشوت ستانی کے ایک مقدمہ میں جرم کے مرتکب ثابت کئے جانے کے بعد انھیں 22 ڈسمبر 2018 ء کو سات سال کی قید دی گئی۔ پناما پیپرس اسکینڈل کے ضمن میں سپریم کورٹ کے حکم پر تین مقدمات دائر کئے گئے تھے اور ان میں العزیزیہ اسٹیل ملس کے ایک مقدمہ میں جرم کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔ نواز شریف جو تین مرتبہ اپنے ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں، اُنھیں پیر کی رات دواخانہ میں شریک کیا گیا۔ نواز شریف کے شخصی فزیشین ڈاکٹر عدنان خان نے پیر کو ٹوئٹر پر لکھا کہ ’سابق وزیراعظم نواز شریف کے پلیٹ لٹ میں تشویشناک حد تک کمی ہوئی ہے جس کے لئے متعدد معائنوں اور دواخانہ میں رکھتے ہوئے مؤثر دیکھ بھال کی ضرورت ہے‘۔