نواز شریف کو انتہائی موثر ادویات اور علاج کی ضرورت

,

   

لاہور۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف جو اس وقت بدعنوانیوں کے معاملے میں کوٹ لکھپت جیل میں سات سال کی سزائے قید بھگت رہے ہیں، انہیں اس وقت عارضہ قلب کی پیچیدگیوں کا سامنا ہے جس کے لئے انہیں نہایت ہی موثر ادویات اور علاج کی ضرورت ہے۔ ان کی طبی رپورٹ اس بات کی متقاضی ہے۔ 69 سالہ نواز شریف کو پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (PIC) میں سخت سکیورٹی میں منتقل کیا گیا تھا اور وہاں ان کے طبی معائنہ کے بعد دوبارہ جیل واپس لایا گیا۔ دوسری طرف منگل کے روز ان کی طبی جانچ کی رپورٹ کے مطابق ان کی حالت تشویشناک نہیں ہے تاہم انہیں روزانہ کی بنیاد پر طبی جانچ اور انتہائی موثر ادویات اور علاج کی ضرورت ہے تاکہ عارضہ قلب مزید پیچیدہ نہ ہوسکے۔ ہاسپٹل کے ایک سینئر ڈاکٹر نے انگریزی اخبار ’’ڈان‘‘ کو یہ بات بتائی اور کہا کہ ان کی انجیوگرافی بھی کی جاسکتی ہے۔ ان کے بھائی شہباز شریف نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ ملک کے تین بار رہ چکے وزیراعظم کو بہترین علاج فراہم کیا جائے۔ گزشتہ ہفتہ ایک خصوصی میڈیکل بورڈ نے جیل میں ان کا طبی معائنہ کرتے ہوئے ان کو مکمل طور پر صحت یاب قرار نہیں دیا تھا اور یہ بھی کہا تھا کہ ان کے مزید طبی ٹسٹ کئے جانے کی ضرورت ہے۔