نوجوانوں کی فوج میں بھرتی کیلئے ضلعی سطح پر تربیتی کیمپس کا فیصلہ

   

ہندوستانی فوج کے سدرن کمانڈ جنرل آفیسر راجیش پشکر کی ریونت ریڈی سے ملاقات ، موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹس کی ستائش
حیدرآباد :12 اگست ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ کے نوجوانوں کی فوج میں بھرتی کیلئے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے فوج کے ساتھ مشترکہ طور پر تعاون سے اتفاق کیا ۔ ہندوستانی فوج کے سدرن کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹننٹ جنرل سی راجیش پشکر نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے کیمپ آفس میں ملاقات کی ۔ دونوں نے تلنگانہ کے نوجوانوں کی فوج میں بھرتی کیلئے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے سے اتفاق کیا ۔ اس موقع پر وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی بھی موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ہندوستانی فوج کی جانب سے مختلف ریکروٹمنٹ میں ریاست کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔اس سلسلہ میں فوج کے ساتھ حکومت مشترکہ طور پر کام کرے گی ۔ انہوں نے فوجی بھرتیوں کیلئے مقامی نوجوانوں کو تیار کرنے کی غرض سے دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو شہر اور اضلاع میں خصوصی تربیتی کیمپس منعقد کرنے کی تجویز پیش کی ۔ چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں فوجی حکام سے تعاون کی خواہش کی ۔ لیفٹننٹ جنرل راجیش پشکر نے چیف منسٹر کی تجویز پر مثبت ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ ملک بھر میں فوج میں بھرتی سے قبل تلنگانہ کے ضلعی مراکز میں نوجوانوں کیلئے تربیتی مراکز قائم کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ ملاقات کے دوران ریاست میں آفات سماوی سے نمٹنے میں فوج کے رول پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور راحت کے کاموں کی تکمیل اور عوام کو محفوظ مقامات پر منتقلی میں فوج سے اہم کردار ادا کرنے کی اپیل کی ۔ لیفٹننٹ جنرل راجیش پشکر نے کہا کہ وہ تلنگانہ میں کسی بھی ناگہانی کی صورت میں خصوصی طور پر پہل کرنے کیلئے مقامی فوجی حکام کو ہدایات جاری کریں گے ۔ راجیش پشکر نے حکومت کی جانب سے موسیٰ ندی ترقیاتی منصوبہ کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو سیلاب سے محفوظ رکھنے ، آلودگی پر قابو پانے اور حیدرآباد کے تاریخی ورثا کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ اہمیت کا حامل ہے ۔ اس موقع پر میجر جنرل سرینواس راؤ اور فوج کے دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ 1/S/m/b