نوجوان ماؤ نوازوں سے تعلق جوڑ کر اپنی زندگی خراب نہ کریں

   

ایس پی ضلع کے بی آصف آباد کا مشورہ
کیرا میری۔ انچارج سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع کے بی آصف آباد نے قبائیلی طبقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ماو نوازوں سے تعلقات قائم کرتے ہوئے اپنی زندگی برباد نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ کیرا میری منڈل کے موضع بالے جھری میں پولیس کی جانب سے ایک مفت میگا ہیلت کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے کمشنر پولیس رام گنڈم و انچارج سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع کے بی آصف آباد ستیہ نارائن نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں تقریباً 700 غریب افراد کی طبی جانچ کرتے ہوئے ان کا مفت علاج کیا گیا۔ اس کے علاوہ غریب مستحق افراد میں گرم ملبوسات اور راشن کٹس کی بھی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے قبائیلی طبقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس علاقہ میں قبائیلی طبقہ معاشی طور پر کافی پچھڑ چکا ہے جس سے وہ غلط راہ کی طرف راغب ہونے کے امکانات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقہ سے تعلق رکھنے والے کسی بھی تعلیم یافتہ نوجوان کی منشا کے مطابق پولیس کی جانب سے تربیت بھی دی جائے گی اور پولیس کی جانب سے روزگار سے متعلق امداد بھی دی جائے گی۔ اس پروگرام میں اے ایس پی سدھیندرا، ڈی ایس پی اچیشور راؤ ، سرکل انسپکٹر وانکڑی سدھاکر، سب انسپکٹر کیرا میری رمیش اور منچریال ورنگل اور دیگر شہروں سے متعلقہ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم شامل تھی۔