اے پی کے وزیر لوکیش کا اقدام
حیدرآباد 4 اگسٹ ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش کے وزیر آئی ٹی نارا لوکیش نے آئی آئی ٹی لکھنو میں داخلہ پانے والے ایک معاشی طور پر کمزور نوجوان کی چار لاکھ روپئے فیس ادا کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ بسویا نامی نوجوان مغربی گوداوری ضلع کا ساکن ہے ۔ اسے آئی آئی ٹی لکھنو میں نشست دستیاب ہوئی ہے ۔ اس کورس کی فیس چار لاکھ روپئے ہے ۔ یہ نوجوان کمزور مالی موقف رکھتا ہے ۔ اس کے والدین مزدور بتائے گئے ہیں۔ نوجوان نے اپنی مشکل کو ٹوئیٹر پیش کیا اور لوکیش کو ٹیگ کرتے ہوئے اپنی مشکل کا تذکرہ کیا ۔ اس کا کہنا تھا کہ فیس کی عدم ادائیگی پر وہ آئی آئی ٹی میںداخلہ کا فیصلہ ترک کرسکتا ہے ۔ اس ٹوئیٹ پر نارا لوکیش نے مثبت رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر آئی ٹی اے پی نے ری ٹوئیٹ کرتے ہوئے اس نوجوان کو تیقن دیا کہ وہ اس تعلق سے فکرمند نہ ہوں۔ ان کی تعلیم جاری رہے گی ۔ لوکیش نے کہا کہ فیس کا ذمہ وہ لیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس نوجوان کا خواب پورا ہوگا ۔ لوکیش کے اس اقدام کی سوشیل میڈیا پر زبردست ستائش کی جا رہی ہے ۔