نورا مراکش کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی رہی

   

ممبئی، 16 جون (آئی اے این ایس) بالی ووڈ کی معروف ڈانسر نورا فتحی نے فیفا ورلڈ کپ کے میچ میں پر جوش نظر آئی، جہاں وہ پورے فخرکے ساتھ اپنے آبائی ملک مراکش کی حمایت کرتی نظر آئیں۔ نورا نے فیفا ورلڈکپ 2026 کے برازیل بمقابلہ مراکش میچ کی متعدد ویڈیوز اور تصاویر شائع کی ہیں۔ بالی ووڈ کے مقبول گانے ہائے گرمی سے شہرت پانے والی اداکارہ میچ کے آغاز سے قبل مراکش کا پرچم تھامے ہوئے قومی ترانہ گاتی دکھائی دیں۔ میچ دیکھنے کے دوران نورا نے مختلف تصاویر بھی بنوائیں۔یہ مقابلہ ڈرا رہا ، اس میچ میں مراکش کی طرف سے اسماعیل صیباری نے گول کیا جبکہ برازیل کی جانب سے ونیسیئس جونیئر نے گول برابر کیا۔ انہوں نے تصویرکے عنوان میں لکھا: مراکش بمقابلہ برازیل، ورلڈ کپ کا پہلا میچ۔ گروپ سی کے اس میچ میں پانچ بارکی عالمی چمپئن برازیل اورقطر 2026 کی سیمی فائنلسٹ مراکش نے ونیسیئس جونیئر اور اسماعیل صیباری کے دو شاندارگولز کی بدولت میچ برابر کھیلا۔ برازیل اور مراکش، جو کہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی افریقی قوم بنی تھی، انکے درمیان یہ مقابلہ 1-1 سے برابری پر ختم ہوا۔ نورا ٹورنٹو میں منعقدہ دوسری افتتاحی تقریب کی روحِ رواں تھیں، جہاں انہوں نے ورلڈ کپ کا سرکاری گانا سیر سیر پیش کیا۔افتتاحی تقریب کے دیگر فنکاروں میں ویجی ڈریم اور سنجوئے جیسے نام شامل تھے۔ ٹورنٹو میں ہونے والی اس تقریب میں میچ کے آغاز سے قبل جیسی ریئز اور الیسیا کارا نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ فلسطینی فنکارہ الیانا نے بھی ٹورنٹو کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کیا۔ اداکارہ کے بارے میں بات کی جائے تو مراکشی نژ اد نورا فتحی نے تیلگو فلموں ٹیمپر، باہوبلی: دی بگننگ’ اور کک 2 میں خصوصی گانوں کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ وہ دو ملیالم فلموں ڈبل بیرل اورکایم کلم کوچونی میں بھی اداکاری کر چکی ہیں۔ نورا نے 2015 میں سلمان خان کی میزبانی میں چلنے والے متنازعہ رئیلٹی شو بگ باس میں بطور امیدوار شرکت کی تھی۔