نومولود جڑواں بچوں کے نام کورونا اور کوویڈ رکھ دیا گیا

,

   

رائے پور میں انوکھا واقعہ، ڈاکٹرس اور اسٹاف بھی لڑکے کو کوویڈ اور لڑکی کو کورونا پکارنے لگے

رائے پور 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک ذرہ سے بھی چھوٹے جراثیم سے پھیلنے والی وباء نے اگرچہ ساری دنیا کو گھٹنے ٹکادیا ہے جس کے باوجود یہ وباء ایک چھتیس گڑھ کے ایک جوڑے کو اپنے نومولود جڑواں بچوں کے نام ’کورونا‘ اور ’کوویڈ‘ رکھنے سے نہیں روک سکی۔ اس وباء کے یہ دو نام اگرچہ دوسروں کے دل و دماغ میں خوف و دہشت برپا کرسکتے ہیں لیکن رائے پور کے اس جوڑے کے لئے دراصل تمام مشکلات اور دشواریوں پر کامیابی کے ساتھ فتح کی علامت ہیں۔ جن حالات میں اُنھیں ایک لڑکا اور ایک لڑکی پیدا ہوئی ہے۔ جڑواں بچوں کی پیدائش ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب سارے ملک میں لاک ڈاؤن کے سبب عوام زندگی پوری طرح درہم برہم ہوچکی ہے۔ ان بچوں کی ماں 27 سالہ پریتی ورما نے کہاکہ 27 مارچ کو طلوع سے قبل مجھے جڑواں بچوں کا تحفہ ملا ہے۔ بیٹے کا نام کوویڈ اور بیٹی کا نام کورونا رکھی ہوں۔ پریتی نے کہاکہ اگرچہ یہ ایک انتہائی خطرناک وائرس ہے اور اس سے جان لیوا بیماری کا خطرہ لاحق ہے لیکن اس وباء نے سب کو حفظان صحت پر توجہ دینے، صاف ستھرا رہنے اور اچھی عادتیں اختیار کرنے کے لئے مجبور بھی کیا ہے۔ پریتی نے کہاکہ پیدائش کے بعد ہاسپٹل اسٹاف نے بھی نومولود بچوں کو کوویڈ اور کورونا کے ناموں سے پکارنا شروع کیا تھا چنانچہ ہم نے بھی ان کے یہی نام رکھنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔