نوودیا اسکولوں میں زیر تعلیم تلنگانہ کے طلبہ وائرس سے محفوظ

   

عنقریب خصوصی بسوں سے آبائی مقام واپسی، سرپرستوں کو بی ونود کمار کا تیقن
حیدرآباد۔ 16 اپریل (سیاست نیوز) نوودیا اسکولوں میں زیر تعلیم تلنگانہ کے تمام طلبہ صحت و عافیت کے ساتھ ہیں لہٰذا والدین کو تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے سرپرستوں کو یہ تیقن دیا۔ کریم نگر، ورنگل، میدک اور دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوودیا اسکولوں کے طلبہ کے سرپرستوں میں ونود کمار سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے بچوں کی خیریت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔ نوودیا اسکولوں میں مائیگریشن سسٹم کے تحت ملک بھر میں مختلف ریاستوں میں تلنگانہ کے طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ کورونا وائرس کے خطرے اور لاک ڈائون کے پیش نظر والدین میں تشویش پائی جاتی ہے اور وہ اپنے بچوں کی واپسی کے خواہاں ہیں۔ ونود کمار نے نوودیا اسکولوں کے ذمہ داروں سے ربط قائم کرتے ہوئے طلبہ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے تمام طلبہ خیریت سے ہیں اور وہ بلا خوف و خطر تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ونود کمار نے تلنگانہ کے نوودیا اسکولوں کے کوآرڈینیٹر سے بات چیت کی۔ ریاست میں 9 نوودیا ودیا کیندر سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے رشتہ دار گزشتہ ایک ماہ سے اپنے بچوں کی واپسی کی کوشش کررہے ہیں۔ دیگر ریاستوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی واپسی کے سلسلہ میں والدین کی تشویش کو دیکھتے ہوئے ونود کمار نے عہدیداروں سے بات چیت کی۔ ملک بھر میں تقریباً 500 نوودیا مراکز میں 3 ہزار سے زائد طلبہ ایک ریاست سے دوسری ریاست میں مائیگریشن سسٹم کے تحت تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے عہدیدار اسکولوں میں طلبہ کی صحت پر خصوصی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مرکزی حکومت خصوصی بسوں کے ذریعہ طلبہ کو اپنے آبائی مقامات روانہ کرنے پر غور کررہی ہے۔ مرکز کے احکامات کے ساتھ ہی طلبہ کو تلنگانہ منتقل کردیا جائے گا۔ ونود کمار نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ کورونا وائرس کے پیش نظر طلبہ کے ساتھ تمام احتیاطی قدم اٹھائیں۔