حیدرآباد 13 جون (سیاست نیوز) نوٹ برائے ووٹ معاملہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کو نامپلی کورٹ سے راحت ملی ہے۔ یہ معاملہ ہائیکورٹ و سپریم کورٹ میں زیرالتواء ہے۔ نامپلی خصوصی عدالت میں آج اِس مقدمہ کی سماعت ہوئی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی درخواست دائر کی گئی جس میں مقدمہ کے موقع پر شخصی سماعت سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی۔ چیف منسٹر کے علاوہ مقدمہ کے دیگر ملزمین ادے سمہا، ایم کرشنا اور سباسٹین کو عدالت نے شخصی حاضری سے استثنیٰ دیا۔ سماعت کے موقع پر وینکٹ ویریا اور متیا عدالت میں موجود تھے ۔ ملزمین کے وکلاء نے درخواست کی کہ اِس معاملہ کی عاجلانہ سماعت کرکے مقدمہ کی یکسوئی کی جائے۔ وکلاء نے سپریم کورٹ میں زیرالتواء مقدمہ کا حوالہ دے کر سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی۔ ہائیکورٹ سے حکم التواء میں توسیع حاصل کرنے یا پھر سماعت جاری رکھنے پر دلائل کی سماعت کی گئی۔ سماعت کے بعد نامپلی کورٹ نے 25 جولائی کو آئندہ سماعت مقرر کی ہے۔1