نوٹ بندی ‘وزیراعظم کی سوچی سمجھی سازش تھی: راہول گاندھی

,

   

مودی حکومت کے فیصلہ نے غریبوںاور مزدوروں کو تباہ کر دیا‘ چارسال کی تکمیل پر کانگریس قائد کا الزام

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ملک میں نوٹ بندی نافذ کرنے کا فیصلہ شعوری طور پر کیا تھا اور اس کے لئے ان کا مقصد چند سرمایہ دار دوستوں کو فائدہ پہنچانا تھا۔ راہول گاندھی نے وزیراعظم نریند رمودی کے چار سال قبل آج ہی کے دن کی گئی نوٹ بندی کے اعلان کو قومی سانحہ قرار دیا اور کہا کہ اس کے ذریعہ انہوں نے چند سرمایہ کاروں کو فائدہ پہنچانے کا کام کیا اور پورے ملک کو شدید بحران میں مبتلا کر دیا تھا۔انہوں نے ٹوئٹ کیا ’’نوٹ بندی وزیراعظم کی سوچی سمجھی سازش تھی تاکہ عوام کے پیسے سے ’مودی دوست‘ سرمایہ داروں کا لاکھوں کروڑ روپے کا قرض معاف کیا جاسکے۔ غلط فہمی میں مت رہیے، غلطی ہوئی نہیں، شعوری طورپر کی گئی تھی۔ اس قومی سانحے کے چارسال پر آپ بھی اپنی آواز بلند کیجیے۔قابل ذکر ہے کہ نوٹ بندی کے چارسال مکمل ہونے کے موقع پر کانگریس مودی حکومت کے خلاف پورے ملک میں دھوکہ دہی کا دن منا رہی ہے اور اس کے لیے ڈیجیٹل مہم چلا رہی ہے۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کرتے ہوئے کہا، نوٹ بندی ہندوستان کے غریب، کسان، مزدور اور چھوٹے دکانداروں پر حملہ تھا۔ ہمیں اس حملہ کو پہچاننا ہوگا اور اس کے خلاف متحد ہو کر لڑنا ہوگا۔کانگریس پارٹی کی طرف سے بھی نوٹ بندی کے فیصلہ پر تنقید کی گئی اور کہا گیا، ملک کی معیشت کو نوٹ بندی کے فیصلہ نے درہم برہم کر دیا۔ ملکی معیشت آج بھی نوٹ بندی کی مار جھیل رہی ہے۔ آپ ہماری
#SpeakUpAgainstDeMoDisaster
مہم سے جڑ کر وزیر اعظم مودی کی پیدا شدہ نوٹ بندی نامی آفت کے خلاف آواز بلند کر کے مودی حکومت سے معافی مانگنے کی اپیل کریں۔