حیدرآباد 2 مارچ (سیاست نیوز) سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ 4 مارچ کو نوہیرہ شیخ کی 2 جائیدادوں کا ہراج کرے گا۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے شیخ پیٹ میں واقع نائنا ٹاورس اور رنگاریڈی کے حیدر شاہ کوٹ میں واقع ایک کمرشیل بلڈنگ کے ای آکشن کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ دونوں جائیدادیں ہیرا ریٹیل پرائیوٹ لمیٹیڈ کی ہیں جس کی منیجنگ ڈائرکٹر نوہرہ شیخ ہیں۔ نائنا ٹاورس 45217 مربع فیٹ پر تعمیر کردہ ہے جو روڈ نمبر 11 بنجارہ ہلز میں واقع ہے جو شیخ پیٹ ولیج کے تحت آتا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے ای آکشن کے تحت نائنا ٹاورس کے ہراج کی ابتدائی رقم 43.50 کروڑ مقرر کی ہے۔ دوسری کمرشیل بلڈنگ 3726 مربع گز پر محیط ہے اور تعمیری علاقہ 105353 مربع فیٹ ہے، اس کے لئے ای آکشن کی ابتدائی رقم 42.50 کروڑ مقرر کی گئی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ عہدیداروں کے مطابق یہ دونوں عمارتیں کلیئر ٹائٹل کی ہیں اور کوئی بھی قانونی دشواری پیش نہیں آئے گی۔ ای آکشن میں کہا گیا ہے کہ اگر مقررہ مہلت میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ قانونی اُمور کی یکسوئی میں ناکام رہے تو اندرون 7 یوم مکمل رقم واپس کردی جائے گی۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے دونوں عمارتوں کے لئے بولی دہندگان سے رقم دھڑوت کے طور پر فی کس 50 لاکھ روپئے حاصل کئے ہیں۔ نوہرہ شیخ اور اُن کی کمپنی کے خلاف انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے غیر قانونی طور پر رقم جمع کرنے کا معاملہ درج کیا ہے اور اُن کی جائیدادیں ضبط کی گئیں۔ سپریم کورٹ نے حال ہی میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو دونوں جائیدادوں کے ہراج کی اجازت دی تاکہ متاثرین میں رقم تقسیم کی جاسکے۔ 1