نڈال سے 54 ویں بار نبرد آزما ہوں گے جوکووچ

   

روم۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ اپنے سب سے بڑے حریف ا سپین کے رافیل نڈال سے کیریئر میں 54 ویں بار مقابلہ کے لئے تیار ہیں، اور اس وقت دونوں کے نشانے پر اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا خطاب داؤ پر لگا ہے ۔مرد سنگلز سیمی فائنل مقابلے میں جوکووچ نے ارجنٹائن کے ڈیاگو شواٹزمین کو 6-3، 6-7 (2/7)، 6-3 سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ وہیں نڈال نے یونان کے اسٹیفانوس ستسپاس کو مسلسل سیٹوں میں 6-3، 6-4 سے شکست دے کر 50 ویں بار ماسٹرز فائنل میں جگہ بنا لی۔ دنیا میں دوسری درجہ بندی کے نڈال نے کہاکہ میرے لئے یہ سب سے بڑا چیلنج ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے ان کے خلاف بہت سے میچ کھیلے ہیں، آج کی تاریخ تک ہمارے درمیان ٹینس کی سب سے طویل دشمنی رہی ہے ۔ ہم جب بھی ایک دوسرے کے خلاف کھیلنے اترتے ہیں یہ بہت ہی کمال کا اور دلچسپ مقابلہ ہوتا ہے ۔ گزشتہ ہفتے جوکووچ نے میڈرڈ اوپن میں جیت درج کی تھی اور اب وہ روم میں خطاب جیتنے کیلئے اتریں گے ۔ 31 سالہ سربیا کھلاڑی نے 24 ویں رینک شوارٹز مین کے خلاف دو گھنٹے 31 منٹ میں جاکر جیت درج کی جبکہ ایک دن پہلے جوآن مارٹن ڈیل پوترو کے خلاف بھی تین گھنٹے میں جاکر وہ مقابلہ جیت سکے تھے ۔اگرچہ 17 بار کے گرینڈ سلیم چمپئن نڈال نے اس ایک ہفتے میں اب تک بغیر کوئی سیٹ گنوائے 11 ویں بار روم فائنل میں جگہ بنائی اور اب 15 بار کے گرینڈ سلیم چمپئن جوکووچ کے خلاف اتریں گے۔