نکسلائیٹس کے مسئلہ کو دو سال میں جڑ سے ختم کیا جائیگا : امیت شاہ

   

ملک کو دنیا کی تیسری بڑی معیشت بنانے مودی کو تیسری بار وزیر اعظم بنانا ضروری ۔ چھتیس گڑھ میں انتخابی ریلی سے خطاب

جگدلوپر: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج کہا کہ جب تک نکسل ازم موجود ہے ، سکھ اور سہولیات نہیں پہنچ سکتیں اور اگر نکسلائیٹس ہتھیار ڈالنے اور قومی دھارے میںشمولیت کیلئے راضی نہیں ہوتے ہیں، تو انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ دو سال میں نکسل ازم کے مسئلہ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ امیت شاہ بستر ڈویژن کے کانکیر لوک سبھا حلقہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار بھوجراج ناگ کے حق میں انتخابی مہم کے دوران ایک جلسہ سے خطاب کر رہے تھے ۔اس دوران انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو تیسری بار وزیر اعظم بنانا ہے ، تاکہ ہندوستان دنیا کی تیسری معیشت بن جائے ۔ پچھلے دس برسوں میں ملک میں بڑی تبدیلی آئی ہے ۔کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رام مندر کے افتتاح کے موقع پر کانگریس کو دعوت نامہ بھیجا گیا تھا، لیکن وہ رام کے دربار میں نہیں آئے ۔ شاہ نے کہا کہ کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے کہتے ہیں کہ کشمیر کا دوسری ریاستوں سے کیا لینا دینا، وہ نہیں جانتے کہ چھتیس گڑھ کا ہر بچہ کشمیر کے لیے اپنی جان قربان کر سکتا ہے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اسی طرح نکسلائیٹس کے مسئلہ کو ختم کر رہے ہیں جس طرح انہوں نے دہشت گردی کو ختم کیا۔ پچھلے چار مہینوں میں 90 سے زیادہ نکسلائیٹس مارے گئے اور 250 نے خودسپردگی کی۔ دو سال کے اندر چھتیس گڑھ سے نکسلائٹس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ انہوں نے اب تک سرگرم نکسلائیٹس کو ہتھیار ڈالنے اور قومی دھارے میں شامل ہوجانے کا مشورہ دیا اور انہیں خبردار کیا کہ اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں وہ لڑائی کے لئے تیار رہیں۔انہوں نے کہا کہ پانی، جنگل اور زمین کی حفاظت کے ساتھ وزیر اعظم مودی قبائلیوں کے احترام کی ضمانت بھی دیتے ہیں۔ وسائل پر پہلا حق قبائلیوں اور غریبوں کا ہے ، لیکن کانگریس کی سوچ اس سے مختلف ہے ۔انہوں نے سابق کانگریس حکومت اور سابق چیف منسٹر بھوپیش بگھیل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسٹر بگھیل نے ریاست میں پانچ سال تک چیف منسٹر رہتے ہوئے نکسلائیٹس کے مسئلہ کو حل کرنے یا اسے ختم کرنے کیلئے کوئی کوشش نہیں کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ریاست میں اقتدار حاصل کرتے ہوئے نکسلائیٹس کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح وزیر اعظم مودی نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا ہے اسی طرح سے نکسلائیٹس کے مسئلہ کو بھی حل کیا جائیگا اور اس کو جڑ سے ختم کردیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہی آندھرا پردیش ‘ بہار ‘ تلنگانہ ‘ جھارکھنڈ اور مدھیہ پردیش سے نکسلائیٹس کے مسئلہ کو ختم کیا ہے اور چھتیس گڑھ سے بھی اس مسئلہ کو ختم کردیا جائیگا ۔