نکہت زرین کو صدر جمہوریہ ‘ وزیر اعظم کی مبارکباد

   

حیدرآباد 20 مئی ( سیاست نیوز ) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مدی نے نظام آباد سے تعلق رکھنے والی باکسر نکہت زرین کو وومنس ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ صدر جمہوریہ ہند نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ وہ نکہت زرین کو وومنس ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ سارے ملک کو ان پر فخر ہے ۔ انہیں یقین ہے کہ نکہت کی کامیابی سے دوسرے نوجوانوں اور خاص طور پر لڑکیوں کو جذبہ حاصل ہوگا کہ وہ بھی اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نکہت کیلئے مستقبل میں بھی شاندار کامیابیوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ورلڈ باکسنگ گولڈ میڈل جیتنے پر نکہت زرین کو مبارکباد دی تھی ۔ انہوں نے بھی اپنے ٹوئیٹر پر نکہت زرین کے علاوہ اسی چمپئن شپ میں برانز میڈل جیتنے والی ہندوستانی باکسرس کو بھی مبارکباد دی ۔ نکہت زرین نے فائنل مقابلہ 5 – 0 سے جیت کر گولڈ میڈل حاصل کیا تھا ۔ نکہت زرین ان مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والی اب تک کی پانچویں ہندوستانی باکسر ہیں۔