غزہ امن منصوبے پر پیشرفت کیلئے وعدوں کی تکمیل ضروری ۔ اسرائیل کا امن کی سمت پیشرفت سے پس و پیش جاری
واشنگٹن/یروشلم26 نومبر (یو این آئی):معاہدے پر عمل میں مسلسل تاخیر پر واشنگٹن میں بڑھتی مایوسی کے درمیان امریکی صدارتی ایلچی جیرڈ کشنر نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو پر زور دیا کہ وہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے کیے گئے وعدوں کو پورا کریں تاکہ ٹرمپ انتظامیہ غزہ امن منصوبے پر آگے بڑھ سکے ۔ میڈیا کے مطابق، اس تفصیل سے واقف ذرائع نے بتایا کہ کشنر نے نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران یہ مسئلہ اٹھایا۔ ذرائع نے اس کال کو مثبت اور تعمیری قرار دیا، جبکہ ایک ذریعہ نے کہا کہ اسرائیلی رہنما نے واشنگٹن سے مطلوبہ اقدامات پر آگے بڑھنے دوبارہ اپنی آمادگی ظاہر کی ۔ تیسرے ذریعہ نے تصدیق کی کہ نیتن یاہو نے اس منصوبے کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا ۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے تصدیق کی کہ یہ گفتگو ہوئی تاہم اس کے مندرجات پر تبصرہ سے انکار کر دیا۔کشنر کی یہ مداخلت نیتن یاہو کی حکومت اور ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے بعد سامنے آئی ہے ، جس نے یروشلم پر الزام عائد کیا کہ وہ غزہ کی جنگ کے بعد کی انتظامیہ اور تعمیر نو کے تمام انتظامات پر عمل میں مسلسل تاخیر کر رہا ہے ۔ اس امریکی اقدام کے معماروں میں سے ایک کشنر نے نیویارک میگزین کے انٹرویو میں خبردار کیا تھا کہ اگر اسرائیل اپنے موجودہ راستے پر چلتا رہا تو اسے عالمی سطح پر اچھوت بننے کا خطرہ لاحق ہے ، اور وہ دنیا کے ایک بڑے حصے کیلئے پہلے یہ حیثیت اختیار کر چکا ہے ۔جولائی میں بورڈ آف پیس اور حماس کے درمیان طے 15 نکاتی روڈ میپ کے مطابق، تمام فریقین کی جانب سے مراحل وار طریقہ سے علاقہ کو مکمل غیر مسلح کیا جائیگا، اور بالآخر سیکیورٹی کی ذمہ داریوں سمیت تمام اختیارات ایک نئی فلسطینی ٹیکنوکریٹ انتظامیہ کو منتقل کر دیے جائیں گے ۔ مزید برآں، اسرائیلی افواج کے بتدریج انخلا کے ساتھ ‘انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس’ کے نام سے ایک کثیر قومی ٹاسک فورس بھی سیکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالے گی۔تاہم، اس پر عمل بڑی حد تک رکا ہوا ہے ، کیونکہ نتن یاہو کا استدلال ہے کہ حماس اپنی فوجی صلاحیتوں کو دوبارہ تعمیر کر رہی ہے اور اس پر ہتھیار ڈالنے کے معاملے میں بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ اس منصوبے پر شکوک و شبہات کا اظہار کرکے اسرائیلی حکومت نے اس بات کی مضبوط ضمانتوں کے بغیر مجوزہ انتظامات پر آگے بڑھنے کی مزاحمت کی ہے کہ یہ گروپ غیر مسلح ہو جائیگا۔یہ مسئلہ 27 اکتوبر کو کنیسٹ انتخابات کی وجہ سے مزید پیچیدہ ہو گیا ہے جو غیر نتیجہ خیز ثابت ہوئے اور کسی بھی جماعت کو واضح پارلیمانی اکثریت نہیں مل سکی، جس کے باعث نیتن یاہو ایک نگراں حکومت کی سربراہی کر رہے ہیں جبکہ اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ نئی اتحادی حکومت بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آئزن کوٹ نے ٹرمپ کے غزہ منصوبے پر عمل کا عہد کیا ہے اور وہ مذاکرات میں پیشرفت کر رہے ہیں، جس سے یہ امکان پیدا ہو گیا کہ اگر نئی حکومت بنتی ہے تو نیتن یاہو اقتدار سے محروم ہو سکتے ہیں ۔ ٹرمپ نے انتخابات سے کچھ دیر قبل نیتن یاہو کی تائید کی تھی اور تب سے زور دے رہے ہیں کہ وہ واشنگٹن سے کیے گئے وعدوں کو پورا کریں۔ اطلاعات کے مطابق اس ماہ کے شروع میں اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران امریکی صدر نے ان سے اس منصوبے پر عمل شروع کرنے کو کہا تھا۔ بعد ازاں نیتن یاہو نے یہ دلیل دی کہ انتخابات سے قبل اس فریم ورک کو قبول کرنے کے باوجود ان کی نگراں حیثیت انہیں بعض اقدامات کی منظوری دینے سے روکتی ہے ۔